لاجورہ پلوامہ میں دو غیر مقامی مزدور مشتبہ ملی ٹینٹوں کی فائرنگ میں زخمی
مائسمہ سرینگر میں جنگجووں نے پیرا ملٹری فورسز پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرا شدید طورپر زخمی ہوا۔ ادھر لاجورہ پلوامہ میں ملی ٹینٹوں دو غیر ریاستی مزدوروں پر فائرنگ کی جس وجہ سے وہ زخمی ہوئے ہیں۔ دریں اثنا سرینگر اور پلوامہ میں حملوں کے بعد سیکورٹی کا از سر نو جائزہ لیا جارہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مائسمہ سرینگر میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب ملی ٹینٹوں نے حفاظت پر مامور اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی اور وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ نمائندے نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو علاج ومعالجہ کی خاطر صدر ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے ایک سی آر پی ایف جوان کو مردہ قرار دیا جبکہ دوسرے کی حالت بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ نمائندے نے بتایا کہ پولیس اور سی آرپی ایف نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔ پولیس ذرائع نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مائسمہ سری نگر میں پیر کی سہ پہر کو جنگجووں نے پیرا ملٹری فورسز پر گھات لگا کر حملہ کیا جس وجہ سے دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حملے کے بعد سیول لائنز علاقوں میں سیکورٹی کو چوبیس گھنٹے مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ مائسمہ سری نگر میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر حملے کے بعد شہر بھر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ دریں اثنا لاجورہ پلوامہ میں اُس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب جنگجووں نے دو غیر ریاستی باشندوں کو روک کر اُن کی ٹانگوں اور بازوں پر گولیاں چلائیں۔ ذرائع نے بتایا کہ خون میں لت پت دونوں غیر ریاستی باشندو ں کو ضلع ہسپتال پلوامہ منتقل کیا گیا جہاں پر دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہیں۔ ادھر پلوامہ ضلع میں غیر ریاستی شہریوں پر فائرنگ کے مسلسل واقعات رونما ہونے کے بعد ضلع بھر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ضلع بھر میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ مشکوک افراد پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔ پلوامہ ضلع میں غیر مقامی شہریوں پر ہو رہے حملوں کے بعد ضلع کی سیکورٹی صورتحال کا بھی از سر نو جائزہ لیا جارہا ہے۔