لوگ رنگ پھینکنے میں احتیاط برتیں ،ڈاکٹروں کی تلقین
سرینگر/رنگوں کا تہوار ہولی آج پورے جوش و خروش کے ساتھ منائی جارہی ہے ۔اس مقصد کے لئے سرکاری سطح پر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے اور مندروں میں اس موقعے پر خصوصی پوجا پاٹ بھی ہورہا ہے ۔ہولی کے موقعے پر لوگ ایک دوسرے پر رنگ چھڑک کر خوشیاں مناتے ہیں لیکن ڈاکٹروں نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہولی مناتے وقت رنگ چھڑکنے میں احتیاط برتیں ۔ماہرین طب کا کہنا ہے کہ آج کل ہر چیز میں ملاوٹ کی جاتی ہے اور ہولی کے موقعے پر لوگ جو رنگ استعمال کرتے ہیں وہ بھی انسانی صحت کے لئے مضر ہیں ۔ماہرین نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایک دوسرے پر رنگ چھڑکنے کے دوران اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ ان رنگوں کا استعمال کریں جو مضر صحت نہ ہوںکیونکہ اس وقت لوگ جو عام رنگ استعمال کرتے ہین ان سے بینائی بھی متاثر ہوسکتی ہے اور کانوں کے اندر جانے سے اس سے بہرہ پن بھی ہوسکتا ہے ۔جبکہ جِلد پر لگنے سے جِلد کی بیماریاں بھی لاحق ہوسکتی ہیں ۔لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ ان رنگوں کو استعمال کریں جن سے لوگوں کو بیماریاں لگنے کا کوئی خطرہ نہ ہو۔