مزید 510 شہری پولینڈ، ہنگری اور رومانیہ کی سرحدوں پر جا رہے ہیں
اسلام آباد/ ایجنسیز/ پاکستان کے دفتر خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انخلا کے دوسرے روز کے اختتام تک 81 پاکستانیوں کو یوکرین سے باہر منتقل کیا گیا ہے، جن میں سفارت خانے کے عملے کے اہلِ خانہ کے 21 افراد شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یوکرین میں مزید 510 پاکستانی شہری پولینڈ، ہنگری اور رومانیہ کی سرحدوں پر جا رہے ہیں جہاں سے انہیں باہر منتقل کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ اور یوکرین میں موجود پاکستانی سفارتخانے نے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے انخلاءکیلئے اپنی کوششوں پر روشنی ڈالی اور سوشل میڈیا پر ریکارڈڈ ویڈیو کلپس اپلوڈ کیے جس میں ہھنسے ہوئے افراد انخلا پر ان کی تعریف کررہے تھے۔ ادھر دفتر خارجہ نے بھی یوکرین میں پاکستان کے سفیر ریٹائرڈ میجر جنرل نول اسرائیل کھوکھر کا ایک ریکارڈڈ آڈیو کلپ صحافیوں کے ساتھ شیئر کیا۔ کلپ میں پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ براہ کرم تمام لوگوں کو اس کام کے بارے میں بتائیں جو سفارت خانہ تمام مشکلات کے باوجود کر رہا ہے، ان تمام چیلنجوں کے پیش نظر آپ اس بات کی تعریف کریں گے کہ ہم ان تمام طلبا کے ساتھ رابطے میں رہنے میں کامیاب رہے ہیں، ہم انہیں نکالنے میں کامیاب رہے ہیں، اور ایک ان میں سے زیادہ تر لوگ پہلے ہی جا چکے ہیں اور باقیوں کو بھی نکالا جا رہا ہے۔