جے اینڈ کے آلودگی کنٹرول کمیٹی ( جے کے پی سی سی ) نے آج شہری بلدیاتی اداروں کیلئے سنگل یوز پلاسٹک ( ایس یو پی ) اور میونسپل سالڈ ویسٹ رولز 2016 کے نفاذ کے حوالے سے ایک روزہ سینسیٹائزیشن ورکشاپ کا انعقادکیا ۔ ورکشاپ کا مقصد یو ایل بیز کو جموں و کشمیر میں ویسٹ منیجمنٹ کے موجودہ منظر نامے بشمول ایس یو پیز کے بارے میں حساس بنانا تھا اس کے علاوہ متعلقہ رہنما خطوط اور این جی ٹی کی ہدایات پر عمل درآمد کے بارے میں ریگولیٹرز اور عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کے درمیان بات چیت کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا ۔ کمشنر سیکرٹری جنگلات ، ماحولیات سنجیو ورما نے ورکشاپ کا افتتاح کیا جبکہ چئیر پرسن جے کے پی سی سی نیلو گیرا مہمانِ خصوصی تھیں ۔ سنجیو ورما نے جے کے پی سی سی کی اس قسم کی حساسیت کے ورکشاپس کے انعقاد کی کوششوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے مقامی اداروں پر زور دیا کہ وہ ایس یو پیز پر پابندی اور ایم ایس ڈبلیو قوانین کے نفاذ سے متعلق معاملات میں متعلقہ قواعد ، رہنما خطوط اور این جی ٹی کی ہدایات کی بروقت تعمیل کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے یکم جولائی سے ایس یو پی پر پابندی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت ہند کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کیلئے ایک موثر حکمت عملی تیار کرنے کو کہا ۔