فرانس بھی یوکرین کو فوجی سازوسامان اور مالی امداد فراہم کرے گا
واشنگٹن(ایجنسیز) روس کے ساتھ جاری تنازعہ کے درمیان عالمی بینک یوکرین کو فوری مالی امداد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے جبکہ فرانس بھی یوکرین کو فوجی سازوسامان اور مالی امداد فراہم کرے گا۔ عالمی بنک کے ایک ترجمان مالپس نے ایک بیان میں کہا کہ یوکرین کو فوری مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں اور اس طرح کی مدد کیلئے دیگر متبادل کی تلاش کر رہے ہیں،جس میں تیزی سے ادائیگی کیا جانا بھی شامل ہے۔ ہمارے ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ ورلڈ بینک گروپ فوری ردعمل کیلئے ہمارے تمام فنانسنگ اور تکنیکی مدد کے آلات استعمال کرے گا۔ مسٹر مالپس نے کہا کہ عالمی بینک اس وقت یوکرین کے پڑوسی ممالک کے ساتھ ’سرگرم بات چیت‘ میں مصروف ہے تاکہ یوکرین کیلئے حمایت حاصل کرسکے اور اضافی وسائل فراہم کرائے جاسکیں۔ یوکرین میں خود ساختہ جمہوریہ ڈونیٹسک اور لوہانسک نے یوکرین افواج کی جانب کئے جارہے حملوں سے انہیں بچانے کی درخواست کی تو اس کے پیش نظر روس یہاں خصوصی فوجی آپریشن شروع کیا۔ روسی وزارت دفاع نے اس دوران کہا کہ اس آپریشن کا مقصد یوکرین کے فوجی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانا ہے، اس سے شہریوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ماسکو نے کہا کہ اس کا یوکرین کے ساتھ الحاق کا کوئی منصوبہ نہیں ہےدریں اثناءفرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ فرانس یوکرین کو فوجی ساز و سامان اور 33 کروڑ ڈالر کی مالی امداد فراہم کرے گا۔ مسٹر میکرون نے ایک خصوصی یورپی سربراہی اجلاس کے بعد کہاکہ فرانس ایک اضافی کوشش کے طور پر یوکرین کے شہریوں کیلئے اضافی 33 کروڑ ڈالر اور فوجی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔