شمالی ضلع بارہ مولہ کے گنڈ ابراہیم پٹن میں آوارہ کتوں کے حملے میں 12سالہ کمسن لڑکا از جان ہوا ہے۔واقعے کے خلاف لوگوں نے سری نگر بارہ مولہ شاہراہ پر دھرنا دیا ور آوارہ کتوں کو ٹھکانے لگانے کا مطالبہ کیا ۔ اطلاعات کے مطابق گنڈ ابراہیم پٹن میں جیل پل کے نزدیک اتوار کے روز آوارہ کتوں نے 12سالہ آذان احمد ولد منظور احمد گنائی پر پر حملہ کرکے اُس کو زخمی کیا۔ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی کمسن لڑکے کو علا ج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے اُس سے مردہ قرار دیا۔ گنڈ ابراہیم پٹن اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں پاگل کتے کے حملے میں کمسن لڑکے کی موت واقع ہونے کی خبر پھیلتے ہی مردو زن سڑکوں پر نکل آئے اور سری نگر بارہ مولہ شاہراہ پر دھرنا دیا۔ احتجاج کرنے والوں نے بتایا کہ حکام کو پاگل کتے کے بارے میں قبل از وقت ہی جانکاری فراہم کی گئی لیکن بلدیاتی اداروں نے اُس سے ٹھکانے نہیں لگایا۔ انہوں نے بتایا کہ اگر وقت پر میونسپل کمیٹی نے پاگل کتوں کو ٹھکانے لگایا ہوتا تو آج ایک معصوم بچے کی جان ضائع نہیں ہوتی ۔ مظاہرین نے ضلع انتظامیہ بارہ مولہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹن اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں آوارہ کتوں کو فوری طورپر ٹھکانے لگانے کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ یو پی آئی نے اس ضمن میں جب پٹن ہسپتال کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوں نے بتایا کہ ایک کمسن بچے کو مردہ حالت میں لایاگیا ہے ۔