دنیا بھر کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں بھی آج حضرت عیسیٰ کے یوم پیدائش سے منسوب کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں ڈلگیٹ سرینگر میں واقع سینٹ لوک چرچ جس کو دوبارہ کھولنے کا افتتاح لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے گزشتہ روز کیا تھا میں بھی جوش و خروش کے ساتھ تقریب منعقد کی جارہی ہے جس میں عیسائی برادری سے وابستہ لوگوں نے خصوصی عبادات میں حصہ لیا ۔ اس موقعے پر وادی کشمیر کے امن و امان اور خوشحالی کےلئے بھی دعاکی گئیں۔ اس دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ہے لوگوں کو کرسمس کے موقعے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ یہ تہوار ہمیں محبت، اخوات اور آپسی بھائی چارہ کا درس دیتا ہے ۔انہوںنے بتایا کہ کرسمس ہمیں بھائی چارہ اور ایثار کا جذبہ پیدا کرتا ہے اور ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم ایک دوسرے کی خوشی میں شریک ہوں ۔ انہوںنے بتایا کہ یہ تہوار عیسیٰ مسیح کی یم پیدائش کے سلسلے میں منایا جاتا ہے جنہوںنے دنیا میں امن و سلامتی ، پیار و محبت اورایثار اور قربانی کا درس دیا ہے اور ہمیں سکھایا ہے کہ ہم انسانیت کی فلاح و بہبود کےلئے کس طرح اپنے آپ کو وقف کرسکتے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے امید ظاہر کی کہ کرسمس کا یہ تہوار ہمارے لئے خوشی اور مسرت اور جموں کشمیر کےلئے امن س سلامتی کا پیغام لیکر آئے ۔