کشمیر مہم جوئی سیاحت کیلئے سرفہرست مقامات میں سے ایک ہے۔ مشیر فاروق خان
وادی کشمیر میں محکمہ سیاحت کی جانب سے آج اِنٹرنیشنل ماﺅنٹین ڈے ۔2021ءجوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔اِس سلسلے میں آج یہاں ایس کے آئی سی سی سری نگر میں ایک مرکزی تقریب کا اِنعقاد ہوا۔اِس موقعہ پر محکمہ سیاحت نے بہت سی سرگرمیاں منعقد کیں جس میں آف بیٹ مقامات کے ٹریکنگ نقشوں کی ریلیز، ایس کے سی آئی سی سی میں دستاویزی فلم کی نمائش ، زبروَن ، پہلگام ، گلمرگ ، ناراناگ ، نوگام اور دیگر مقامات پر مختلف تقریب شامل ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان اِس موقعہ پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے ۔ اِس موقعہ پر سیکرٹری محکمہ سیاحت سرمد حفیظ ، ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، ڈائریکٹر ایس کے آئی سی سی جاوید بخشی ،دیگر اَفسران اور شراکت داربھی موجود تھے۔اِس برس کے اِنٹرنیشنل ماﺅنٹین ڈے کا تھیم ” پائیدار پہاڑی سیاحت “ ہے۔ کیوں کہ پائیدار پہاڑی سیاحت ذریعہ معاش کے اختیارات پیدا کرنے ، غربت کے خاتمے اور سماجی شمولیت میں مدد فراہم کرتی ہے۔ایس کے آئی سی سی میں ہونے والے پروگرام میں مختلف شراکت داروں سمیت ایڈونچر کے شوقین سینکڑوں اَفراد نے حصہ لیا۔محکمہ نے خیمے والے ڈھانچے بنائے تھے، سیاحوں کے لئے کوہ پیمائی کی تصویر کشی کرنے والی ایک گیلری لگائی تھی ، کوہ پیمائی کے سازو سامان اور اونچائی والے پہاڑوں سے ماخوذ ادویاتی جڑی بوٹیوں کے سٹال لگائے تھے۔محکمہ نے سیاحتی خدمات فراہم کرنے والوں کے لئے بنیادی لائف سپورٹ پر ایک روزہ ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا جس کے دوران کوہ پیمائی کے دوران ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے ٹورسٹ گائیڈوں کو تربیت فراہم کی گئی۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے اِپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ جے کے ماﺅنٹین ٹوراِزم تیزی سے ترقی کررہا ہے اور نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوان اور بہادر سیاح پہاڑی سیاحت میں اپنی دلچسپی دکھا رہے ہیں اور محکمہ سیاحت کو اس سے فائڈہ اُٹھانے کی ضرورت ہے۔مشیر موصوف نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کے مشہور سیاحتی مقامات پر بوجھ کو کم کرنے کے مقصد کے ساتھ نئے مقامات کی تلاش کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سے سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا اور پائیدار سیاحت کے لئے راہیں ہموار ہوں گی۔