محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق پہاڑی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشیں
وادی کشمیر میں اتوار کے روز موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی پہاڑی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔ سادھانا ٹاپ بانڈی پورہ شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کیا گیا تاہم سری نگر جموںشاہراہ پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں تھا۔
وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق اتوار صبح سے ہی بارشوں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو تا دم تحریر جاری تھا۔ نمائندے نے بتایا کہ وادی کشمیر کے سیاحتی مقام گلمرگ اور سونہ مرگ میں تازہ برفباری ہوئی جس وجہ سے وہاں مقیم سیاحوں کے چہرے کھل اُٹھے۔
نمائندے نے بتایا کہ پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری کے باعث دور دراز علاقوں کے رہائش پذیر لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ نمائندے کا کہنا ہے کہ سری نگر سمیت وادی کے دوسرے میدانی علاقوں میں اتوار کے روز دن بھر موسلا دھار بارشیں ہوئی جس وجہ سے کئی علاقوں میں پانی شاہراﺅں پر جمع ہونے کے باعث عبور و مرور میں دقتیں پیش آرہی تھیں۔ نمائندے کے مطابق
سادھنا ٹاپ پر بھاری برفباری کے پیش نظر انتظامیہ نے بانڈی پورہ سادھنا ٹاپ شاہراہ پرٹریفک کی آمدورفت کو روک دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے سربراہ سونم لوٹس نے بتایا کہ اتوار کے روز وادی کے پہاڑی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔ انہوںنے کہاکہ سوموار دوپہر تک موسم ایسا ہی رہے گا ۔ انہوںنے کہاکہ گلمرگ میں تین سے چار انچ تک برف ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ آنے والے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر میں بھاری برفباری کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ آج بعد دوپہر موسم میں بہتری آنے کا امکان ہے۔