نئی دہلی(یو این آئی) سپریم کورٹ نے میڈیکل کورسز میں انڈرگریجویٹ سطح کی کلاسوں میں داخلے کے لیے قومی اہلیت-کم-داخلہ ٹیسٹ ‘این ای ای ٹی یوجی سی -2021’ میں طبیعیات سے متعلق ایک سوال کے ہندی ترجمہ پر سوال اٹھانے والی ایک پی آئی ایل کو منگل کو خارج کردیا۔ جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ، جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس وکرم ناتھ نے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی، این ای ای ٹی کے انعقاد کے لیے تشکیل دی گئی ماہرین کی دو ٹیموں کی رپورٹوں کی بنیاد پر عرضی گزار کی عرضیوں کو مسترد کر دیا۔عدالت عظمیٰ نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ‘این ای ای ٹی یوجی سی-2021’ کی امیدوار وحیدہ تبسم سمیت 22 امیدواروں کو ہندی ترجمہ کی وجہ سے پانچ نمبروں کا نقصان ہوا ہے ، اس لیے ان کی جوابی پرچوں میں نمبروں کی دوبارہ گنتی کی جائے ۔جسٹس چندرچوڑ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے این ٹی اے کی عرضداشتوں کو قبول کرتے ہوئے طلبہ کی عرضی کو خارج کردیا۔سپریم کورٹ کے حکم پر، این ٹی اے نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) گوہاٹی، دہلی ٹیکنیکل یونیورسٹی اور نیشنل فزیکل لیبارٹری کے اساتذہ اور ماہرین پر مشتمل تین رکنی ٹیم سے متعلق سوال کے ترجمے کی دوبارہ جانچ کی۔ اس ٹیم نے ترجمہ درست قرار دیا تھا۔امیدواروں کے الزامات کے منظر عام پر آنے کے بعد، این ٹی اے نے پہلے سوال کا ہندی ترجمہ بھی حاصل کیا تھا جس کی جانچ ماہرین کی ایک ٹیم نے کی تھی جس نے ترجمہ مناسب پایا۔