نئی دہلی(یو این آئی) نجی شعبے کی ایئر لائن ایئر ایشیا انڈیا نے ہفتہ کو کہا کہ اس نے تمام پروازوں پر کیٹرنگ سروس شروع کر دی ہے ۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ اس کی جانب سے یہ قدم 16 نومبر کو مرکزی حکومت کے کووڈ 19 سے متعلق پابندیوں میں نرمی کے فیصلے کے بعد اٹھایا گیا ہے ۔ حکومت نے کورونا وائرس کے انفیکشن کو روکنے کے اقدامات کے تحت دو گھنٹے سے کم پروازوں میں کھانے پینے کی اشیاءپیش کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ ایئر ایشیا نے کہا ہے کہ اس کے مسافر 75 منٹ سے زیادہ طویل پروازوں پر مختلف قسم کے کھانے اور مشروبات کی پری بکنگ کرا سکتے ہیں۔ اس سے کم کی پروازوں پر، آپ اسنیکس اور سینڈوچ کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ ایئر ایشیا انڈیا کا ہیڈ آفس بنگلور میں ہے ۔ یہ ایئر لائن ٹاٹا سنز آف انڈیا اور ملائیشیا کی ایئر ایشیا انویسٹمنٹ لمیٹڈ کے درمیان مشترکہ کاروبارہے ۔ اس نے جون 2014 میں ہندوستان میں خدمات شروع کیں اور اس وقت 50 راست راستوں اور 100 کنیکٹیویٹی راستوں کی خدمت فراہم کر رہی ہے ۔