رابطہ دفتر میں عوامی وفود سے ملاقات کی، مسائل کے حل کی یقین دہانی
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج اپنے جاری عوامی رابطہ پروگرام کے تحت رابطہ دفتر سرینگر میں مختلف وفود اور افراد سے ملاقات کی، تاکہ عوامی مسائل کو سن کر ان کے حل کی راہ ہموار کی جا سکے۔جموں و کشمیر ٹیچرز فورم کے نائب صدر کی قیادت میں آئے وفد نے ریاست میں تعلیمی اصلاحات سے متعلق اہم تجاویز پیش کیں اور تدریسی برادری کے حالیہ مسائل اور ترقیات پر روشنی ڈالی۔سول سوسائٹی بارہمولہ کے چیئرمین کی سربراہی میں آئے وفد نے ضلع بارہمولہ کی ترقی اور عوامی فلاح سے متعلق اہم امور اٹھائے۔ اسی طرح JKPCC کے SRO-43 امیدواروں کے وفد نے وزیر اعلیٰ کو اپنے زیر التوا ہمدردانہ تقرری کے معاملات سے آگاہ کیا۔ایک اور ملاقات میں جموں و کشمیر ایمپلائز کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدر اور ان کی ٹیم نے ملازمین کی فلاح و بہبود، سروس کنڈیشنز اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے ملازمین دوست اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلیٰ نے تمام وفود کی باتیں بغور سنیں اور یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات اور مسائل کو متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھا کر مناسب حل کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت عوامی امنگوں کی ترجمان ہے اور تمام شعبوں میں جوابدہ حکمرانی کے عزم پر قائم ہے۔اس موقع پر پنجاب حکومت کے محکمہ سیاحت و ثقافتی امور کے مشیر، دیپک بالی نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور دونوں حکومتوں کے درمیان سیاحت سے متعلق تعاون اور مشترکہ اقدامات پر گفتگو کی۔













