نئی دہلی(یو این آئی) آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت 26 نومبر کو پارلیمنٹ ہا¶س میں عوام کی شراکت داری کے ساتھ شاندار طریقے سے ‘یوم آئین’ کا انعقاد کیا جائے گا۔ پارلیمانی امور کی وزارت کے ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں منعقد ہونے والے اس خصوصی پروگرام میں صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزرائ، اراکین پارلیمنٹ اور دیگر معززین شرکت کریں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت ہر کوئی صدر کووند کے ساتھ آئین کی تمہید پڑھے گا۔ یہ پروگرام ٹیلی ویژن اور خصوصی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ اس موقع پر کچھ خصوصی مباحثے ، ویبینار وغیرہ کا اہتمام کیا جائے گا۔