بھوپال(یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی ثقافتی ترقی میں قبائلی سماج کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قبائلیوں کی ہر بات میں حکمت ہوتی ہے اور بھگوان رام کی زندگی میں قبائلی سماج کی بے مثال تعاون نے ایک ‘راج کمار’ کو ‘مریادا پرشوتم’ بنا دیا ۔مسٹر مودی یہاں بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش پر منائے جانے والے ‘جن جاتیہ گورو دوس’ کے تحت منعقد ایک بڑے قبائلی کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر گورنر منگو بھائی پٹیل اور وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان بھی موجود تھے ۔اس دوران انہوں نے کہا کہ شری رام نے ون واس کے دوران قبائلی سماج کی روایات سے تحریک حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ثقافتی سفر میں اس سماج کا تعاون بے مثال ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس سماج کے تعاون کے بغیر بھگوان شری رام کی زندگی میں کامیابی کا تصور کیا جا سکتا ہے ۔ جنگل میں رہنے والوں کی برادری کے ساتھ گزارے گئے وقت نے ایک‘راج کمار’ کو ‘مریادا پرشوتم’ بنانے میں اہم تعاون دیا۔اس پروگرام سے پہلے انعقاد کے مقام پر مدھیہ پردیش کے تقریباً تمام قبائل میں کئے جانے والے کرما رقص کی پیش کش کی گئی۔ اس رقص کے گانے کے حوالے سے مسٹر مودی نے کہا کہ قبائلیوں کی ہر بات میں حکمت ہے ۔ اس کی ہر بات میں‘پرپز آف لائف’ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان سے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے ۔ اس سے بڑا ملک کا ورثہ اور سرمایہ کچھ نہیں ہے ۔