لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ انتظامیہ جموں کشمیر کو منشیات سے پاک کرنے کے اپنے عزم پر کاربند ہے اور اس سلسلے میں حکومتی سطح پر کئی طرح کے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لت سے دور رکھنے کےلئے سرکار کے ساتھ ساتھ سماجی تنظیموں کا بھی رول بنتا ہے ۔ اس دوران ایل جی موصوف نے نشہ مکت ابھیان کی ایوارڈ سرمنی تقریب ایس ایس کے آئی سی سی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار جی کو میں دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوںنے جموں کشمیر کے دس اضلاع میں منشیات مخالف مہم چلانے میں اپنا بھر پور تعاون پیش کیا ۔ اس مہم میں منشیات کے مضر اثرات کے ، اس کی روک تھا م اور منشیات کے عادی افراد سے اس کی عادت چھڑانے کےلئے جانکاری کے پروگرامات شامل تھے ۔ یہ مہم تعلیمی ادروں میں چلاگئی اور نوجوانوں کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا کہ اس بدعت سے کس طرح انسانی جانوں کا زیاں ہورہا ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ وزیر موصوف نے جموں کشمیر میں منشیات کا قلع قمع کرنے کےلئے اپنا بھر پور تعاون پیش کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے جس کےلئے یوٹی انتظامیہ ان کی شکر گزار ہے ۔ اس موقعے پر انہوںنے بتایا کہ جموں کشمیر کے تعلیمی اداروں میں منشیات مخالف جانکاری پروگرام متواتر منعقد ہوا کریں گے ۔