کوئی جانی نقصان نہیں ، جنگجو فورسز کو چکمہ دیکر فرار ہونے میںکامیاب
سرینگر کے بمنہ علاقے میں جمعہ کے بعد دوپہر سیکورٹی فورسز اور جنگجوﺅں کے مابین مختصر شوٹ آوٹ کے بعد جنگجو سیکورٹی فورسز کو چکمہ دیکر فرار ہونے میںکامیاب ہو گئے ۔ مختصر گولیوں کے تبادلے کے بعد علاقے میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی کارورائیاں عمل میںلائی تاہم کسی کی گرفتاری کی کوئی اطلاع موصول نہیںہوئی ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جے وی سی اسپتال بمنہ کے نزدیک اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب علاقے میں جمعہ کے بعد دوپہر گولیوں چلنے کی آواز سنائی دی۔ گولیاں چلنے کی آواز سنتے ہی وہاں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا جبکہ لوگ اپنی جان بچانے کیلئے محفوظ مقامات کی جانب بھاگنے لگیں ۔ پولیس نے گولیاں چلنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میںجنگجوﺅں اور سکورٹی فورسز کے مابین مختصر گولیوں کا تبادلہ ہوا تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیںہوئی ۔ سماجی وئب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میںپولیس نے لکھا کہ جنگجوﺅں اور سیکورٹی فورسز کے مابین مختصر گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد جنگجوﺅں نے شہریوں کو فائدہ اٹھا کر جائے واردات سے فرار ہونے میںکامیابی حاصل کر لی ۔ ادھر فائرنگ واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز کی اضافی کمک علاقے میں پہنچ گئی جنہوں نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارورائیاں عمل میں لائی تاہم آخری اطلاعات ملنے تک کسی کو گرفتار نہیںکیا گیا اور نہ ہی کوئی قابل اعتراض چیز بر آمد کی گئی ۔