مرکزی وزیر مملکت صنعت و حرفت جِتن پرساد نے کشمیر میں زعفران کی صنعت کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے آج اِنڈیا اِنٹرنیشنل کشمیر زعفران ٹریڈ سینٹر (آئی آئی کے ایس ٹی سی) دوسو پانپور کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اِقبال،منیجنگ ڈائریکٹر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن خالد جہانگیر اور دیگر متعلقہ افسران نے ان کا والہانہ اِستقبال کیا۔جِتن پرساد نے اَپنے دورے کے دوران سینٹرکے مختلف حصوں کا معائینہ کیا اور جدید ترین پروسسنگ یونٹ میں مختلف آپریشنز کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے سینٹر کے مختلف بلاکوں کا معائینہ کیا جن میںسٹگماسپریشن ، ڈرائینگ ،گریڈنگ ، پیکنگ اور اِی آکشن سینٹر شامل ہیں۔ افسران نے وزیرمملکت کو یونٹ کی طرف سے کسانوں کو فراہم کی جانے والی جدید سہولیات اور خاطر خواہ مدد کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔اُنہوں نے زعفران کی صنعت کے فروغ اور ترقی پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے فارمر پروڈیوسر آرگنائزیشنز (ایف پی او) اور کسانوں کے ساتھ ایک اِستفساری سیشن بھی منعقد کیا ۔ کسانوں نے کئی مسائل اور مطالبات اُٹھائے جس پر جتن پرساد نے ترجیحی بنیادوں پر اُن کے مسائل کو دور کرنے کے اَپنے عزم کا یقین دِلایا۔اِس موقعہ پرمرکزی وزیر مملکت صنعت و حرفت نے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے کسانوں کی ترقی کے لئے مرکزی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ دورہ زعفران کی تجارت کو بڑھانے اور کسانوں کی مدد کرنے کے لئے حکومت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے جو اس قیمتی صنعت کی ریڈھ کی ہڈی ہیں۔