عام زمرہ کے درخواست دہندگان کی تعداد 3922، ستھر سال یا اس سے زیادہ عمر کے درخواست دہندگان کی تعداد 78 ،بغیر محرم کے درخواست دینے والی خواتین کی تعداد 46 : کوثر جہاں
نئی دہلی، 23 جنوری ( یو این آئی )سفر حج کے لیے آن لائن فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جنوری کو ختم ہو گئی ہے ۔ اس سلسلے میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں کے مطابق اس سال دہلی ریاست حج کمیٹی کو موصول ہونے والی حج درخواستوں کی تعداد 4046 ہے ، جن میں عام زمرہ کے درخواست دہندگان کی تعداد 3922 ہے جبکہ 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے درخواست دہندگان کی تعداد 78 اور بغیر محرم کے حج کے لیے درخواست دینے والی خواتین کی تعداد 46 ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال دہلی میں حج درخواست دہندگان کی تعداد 4110 تھی۔ اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے اس سال 64 درخواستیں کم موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی امبارکیشن پوائنٹ اور دیگر ریاستوں سے بھی حج کے لیے روانہ ہونے والے تقریباً 22000 عازمین حج کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دہلی حج کمیٹی کی جانب سے انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ محترمہ کوثر جہاں نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس سال کل 173775 حج درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جب کہ دہلی ریاست میں، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے تمام عازمین حج کو لازمی سہولیات فراہم کرتی ہے ، جس میں حکومت دہلی، حکومت ہند اور دہلی کی میونسپل کارپوریشن کی مدد بھی حاصل کی جاتی ہے ۔ دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن نے بتایا کہ گزشتہ برسوں میں حکومت ہند کی وزارت اقلیتی امور کی طرف سے عازمین حج کو مختلف قسم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دوسری ریاستوں سے حج کے لیے جانے والے خواہشمند عازمین کو امبارکیشن پوائنٹ کے علاوہ کسی بھی سفری مقام پر سوار ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔ ان کی سہولت اور خواہش کے مطابق ان کی ریاست کے امبارکیشن پوائنٹ سے نکلنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ جس کے تحت دہلی سے حج پروازیں حاصل کرنے والے حاجیوں کی تعداد میں ہر سال مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی ان تمام عازمین حج کو سہولیات اور خدمات فراہم کرنے کے لیے پابند عہد ہے ۔