پشمینہ صرف ایک لفظ نہیں بلکہ یہ ہماری ثقافت کی شناخت ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا
سرینگر/20اکتوبر/مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اس وقت تقریباً 3.5 لاکھ کاریگر ہینڈ لوم اور دستکاری کے محکمے میں رجسٹرڈ ہیں۔ ان میں سے تقریباً 76000 کاریگر براہ راست پشمینہ سے اور 55000 قالین بنانے کے ہنر سے منسلک ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ جموں کشمیرمیں دستکاری کے فروغ کےلئے سرکار پرعزم ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایسے دستکار جو ابھی سرکاری ادارے میں درج نہیں ہے کا اندراج کرانے کےلئے جلد ہی مشن شروع کیا جائے گا۔ ایل جی نے کہا کہ ”نہ صرف جموں کشمیر کے لیے، بلکہ پوری دنیا کے لیے، پشمینہ صرف ایک لفظ نہیں ہے، بلکہ ہماری ثقافتی شناخت ہے جسے ہمارے شاندار کاریگروں کی محنت سے امر کر دیا گیا ہے۔“ وائس آف انڈیا کے مطابق جموںو کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو یہاں کہا کہ پشمینہ صرف ایک لفظ نہیں ہے، بلکہ جموں و کشمیر کی ثقافتی شناخت ہے، اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کی انتظامیہ اس صنعت کو بحال کرنے کی پابند ہے۔ سنہا یہاں پشمینہ ایکسپورٹر اینڈ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پیما) کی طرف سے منعقدہ پشمینہ اور سوزنی بنکروں کو سالانہ دستکار ایوارڈ پیش کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔