کہا، بنگس وادی ایک بہترین آف بیٹ منزل کے طور پر اُبھری ہے ۔ یہ فیسٹول اس کے دیہی اور مہم جو سیاحت کو اُجاگر کرے گا
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج وادی¿ بنگس کا دورہ کیا اور ’ بنگس ایڈونچر فیسٹول ‘ کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے اَپنے خطاب میں جموںوکشمیر آنے والے سیاحوں کا خیر مقدم کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ مجھے اُمید ہے کہ آپ سب اس خوبصورت وادی بنگس کے اَپنے دورے سے یاد گار یادیں لے کر جائیں گے جو ایک بہترین آف بیٹ منزل کے طورپر اُبھر ی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،” جموںوکشمیر کے کئی آف بیٹ مقامات جیسے بنگس تفریحی مہم جوئی اور دِلکش تجربات کے خواہشمند سیاحوںکے لئے بہتر ین جگہ ہے ۔ جموں وکشمیر سیاحوںکو ایڈونچر، ضیافتیں ، روایتی دستکار ی سے لے کر پُر سکون پہاڑوں تک ہر چیزاور سب کچھ پیش کرتا ہے ۔“اُنہوں نے کہا کہ یہ فیسٹول وادی¿ بنگس کی دیہی اور مہم جو سیاحت کی صلاحیت کو مزید اُجاگر کرے گا ، اس کی قبائلی ثقافت کو فروغ دے گا اور مقامی کاریگروں کو روایتی فنون اور دستکاری کی نمائش کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر کی سیاحتی صلاحیت کو بھی اُجاگر کیا اور جموںوکشمیر یوٹی کے سیاحتی شعبے کو فروغ دینے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کی کوششوں کا اِشتراک کیا۔ اُنہوں نے کہا ،” ہم نے سیاحتی صنعت کو مکمل طور پر تبدیل کیا ہے اور جموںوکشمیر کو سب سے اُمید افزا مقام کے طور پر رکھا گیا ہے ۔ سیاحتی شعبہ جلد ہی جموںوکشمیر یوٹی کی ترقی کا ذریعہ بن جائے گا۔“لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کا مقصد سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ راغب کرنا اور سیاحوں، متلاشیوں اور فن کے شائقین کو زندگی بھر کا تجربہ فراہم کرنا ہے۔اُنہوں نے مزید کہاکہ ثقافتی ورثے کے مقامات ، آف بیٹ ، ایڈونچر اور روحانی مقامات سمیت تقریباً300 نئے مقامات تیار کئے جارہے ہیں تاکہ مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کو سرگرمیوں ، فیسٹولوں ، قدرتی مناظر، خریداری اور بی اینڈ بی ( بیڈ اینڈ بریک فاسٹ ) سے بھرپور گھریلو اور مختلف قسم کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہندوستان کی جی۔20 صدارت پر ملک کے ہر شہری کو فخر ہے ۔ جموںوکشمیر میں جی ۔ 20 سربراہی اجلاس کی کامیابی کے بعد ہم جموںوکشمیر میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں کئی گنا اِضافہ دیکھ رہے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آج ریکارڈ تعداد میں سیاح جموںوکشمیر یوٹی کا دورہ کر رہے ہیں جو جموںوکشمیر کی نئی اُمنگوں کی عکاسی بھی ہے۔اُنہوں نے بنگس میں شہریوں سے کہا کہ وہ پُر اَمن ماحول کو برقرار رکھنے میں اَپنی ذمہ داری کو اَدا کریں تاکہ جموںوکشمیر یوٹی کی دیر پا سماجی و اِقتصادی ترقی حاصل کی جاسکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اَمن کے بغیر ترقی اور سیاحت ممکن نہیں ۔ اَمن کو یقینی بنانا صرف سیکورٹی فورسز اور پولیس کا کام نہیں ہے بلکہ مقامی باشندوں اور منتخب نمائندوں سمیت ہر کسی کو اَپنا کردار اَدا کرنا ہوگا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ برسوں کی دہشت گردی اور اس کے ماحولیاتی نظام نے اَمن اور خوشحالی کو تباہ کیا ہے جبکہ سیاحت سب کو متحد کر رہی ہے۔اُنہوں نے سیاحوں کے لئے بہتر سہولیات پیدا کرنے میں پرائیویٹ پلیئروں ، مقامی لوگوں اور نوجوانوں کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔اِس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنر نے فیسٹول کے ایک حصے کے طور پر مختلف ریلیوں اور سرگرمیوں کو جھنڈدِکھا کر روانہ کیا۔