مرکزی وزیر مملکت اطلاعات و نشریات اور ماہی پالن ، بھیڑ پالن اور ڈیر ی ڈاکٹر ایل موروگن نے آج شوپیان کا دو روزہ دورہ مکمل کیا۔ اُنہوں نے آج آر اینڈ بی ڈیپارٹمنٹ کے تحت عملائے جارہے شیپ بریڈنگ بیٹن فلور شیڈ منلو اور شیپ بریڈنگ فارم زاوورہ جس کی تخمینہ لاگت 29لاکھ روپے اور 19.37لاکھ روپے بالترتیب ہے، کا اِفتتاح کیا ۔اُنہوں نے منلو اور زاوورہ شوپیان میں سیب باغات کا بھی دورہ کیا۔اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی وائس چیئرپرسن عرفان منہاس، ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار واشیا ، ایس ایس پی شوپیان امرت پال سنگھ ، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری بشیر احمد خان اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔اِس موقعہ پرمرکزی وزیرمملکت موصوف نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جموں وکشمیر کی کلہم ترقی کے لئے وعدہ بند ہے اور بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو آگے آنا چاہیئے اور ان کی آمدنی کئی گنا بڑھانے کے لئے مرکزی معاونت والی سکیموں سے فائدہ اُٹھانا چاہیئے۔اُنہوں نے نوجوانوں پر بھیڑ فارم قائم کرنے پر زور دیا جو کہ ایک منافع بخش کارباری سرگرمی ہے ۔ اُنہوں نے بے روزگار نوجوانوں سے کہا کہ وہ آگے آئیں او ر اِس شعبے میں حکومت کی طرف سے شروع کی گئی سکیموں سے اِستفادہ کریں۔