جموں،/ جموں وکشمیر کے تھانہ منڈی راجوری میں اراضی تنازعے پر شہری کا قتل کیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے فوری کارروائی کرکے پانچ ملزمان کو دھر دبوچ کرسلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا تاہم تین ابھی بھی گرفتاری سے بچنے کے لئے روپوش ہو گئے ہیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ 18جون کو نگینہ اختر زوجہ شفیق احمد ساکن کھابلن تھانہ منڈی نے پولیس اسٹیشن میں تحریری طورپر شکایت درج کی کہ ان کے شوہرپر آٹھ افراد نے قاتلانہ حملہ کیا اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 82کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔پولیس نے بتایا کہ شفیق احمد گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا جس کے بعد پولیس نے دفعہ 302کے تحت مقدمہ درج کیا۔انہوں نے مزیا کہا کہ ایس ڈی پی او تھانہ منڈی ڈاکٹر امتیاز احمد کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے چھاپہ ماری کے دوران پانچ ملزمان کو حراست میں لیا جبکہ مزید تین کی بھی تلاش جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طورپر معلوم ہوا ہے کہ اراضی تنازعہ پر ہی مقامی شہری کا قتل کیا گیا۔یو این آئی