یاترا کو محفوظ بنانے کےلئے فوج کی جانب سے مشترکہ سیکورٹی کانفرنس کا انعقاد
سرینگر/
یکم جولائی سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کو احسن طریقے سے انجام تک پہنچانے اور یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کےلئے سرینگر میں فوج، پولیس ، سیول انتظامیہ اور دیگر حفاظتی ایجنسیوں کی ایک مشترکہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں امرناتھ یاترا کے طریقہ کار اور حفاظتی اقدمات پر مفصل گفتگو کی گئی ۔ فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اگلے ماہ شروع ہونے والی آئندہ 62 روزہ امرناتھ یاترا کی کامیابی کے لیے فوج، پولیس اور سول انتظامیہ نے ہفتہ کو مشترکہ سیکورٹی کانفرنس کا انعقاد کیا۔سری نگر میں مقیم وزارت دفاع کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاہے کہ سیکورٹی فورسز اور سول انتظامیہ کے افسران کے درمیان ایک مشترکہ سیکورٹی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد آئندہ امرناتھ یاترا کی کامیابی کے لیے سول اور سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی، بات چیت اور تال میل کو بڑھانا ہے۔امرناتھ گھپا 3880میر اونچائی پر واقع ہے اور یہ یاترا 62دنوں پر مشتمل ہوگی ۔ یاترا جنوبی کشمیر کے پہلگام اور وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے راستے بال تل تک جاری رہتی ہے جس کے دشوار گزار راستوں پر فوج اور دیگر حفاظتی فورس کے اہلکار تعینات رہیں گے ۔ اس میٹنگ میں بتایا گیا کہ یاترا کےلئے اضافی نفری بھی اہم راستوں اور حساس مقامات پر تعینات کئے جائیں گے جبکہ یاتریوں کی قیام و طعام کے لئے بھی بہتر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ میٹنگ میں تمام عہدیداروں نے تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے سرکاری اداروں کے ہم آہنگی سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ داخلی سلامتی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر، تمام سیکورٹی ایجنسیوں اور سول انتظامیہ کے درمیان مکمل ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی کا جائزہ بھی لیا گیا تاکہ ہموار اور واقعات سے پاک اہداف کے حصول کے لیے مربوط کوشش کی جا سکے۔ واضح رہے کہ امرناتھ یاترا کےلئے جموں کے یاتری نواس بھگوتی نگر جموں میں یاتریوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لئے تیاریاں زوروں پر ہیں۔جہاں یاتری نواس کو رنگ و روغن سے آراستہ و پیراستہ کیا جا رہا ہے وہیں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تاروں وغیرہ کو بھی ٹھیک کرنے کا کام جاری ہے۔صفائی ستھرائی کا کام بھی جاری ہے اور دیگر ضروری مرمتی کام وغیرہ بھی انجام دیا جا رہا ہے۔جموں میونسپل کارپویشن کے میئر راجندر شرما نے میڈیا کو بتایا کہ جموں وکشمیرمہمان نوازی کے لئے مشہور ہے۔انہوں نے کہا کہ یاتریوں کو یاترا کے دوران تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ ان کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم یاتریوں کا استقبال کرتے ہیں اور ان کو تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے کام شد و مد سے جاری ہے۔جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں 3 ہزار 8 سو 80 میٹر کی بلندیوں پر واقع شری امر ناتھ مندر کی سالانہ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوگی جو 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔چند روز قبل جی بی آر لیفٹیننٹ جنرل راجیو چودری نے بالتل اور چندن واڑی کا دورہ کرکے دونوں یاترا راستوں کا معائنہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سال گذشتہ 3 لاکھ 65 ہزار یاتریوں نے شری امرناتھ مندر کی یاترا کی جن میں سے 45 فیصد یاتریوں نے بالتل کے راستے سے جبکہ 55 فیصد پہلگام کے راستے سے یاترا کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سال 5 لاکھ یاتریوں کے آنے کی توقع ہے۔بی آر او حکام کا کہنا ہے کہ پہلگام کی طرف یاترا راستوں کو 15 جون سے قبل ہی مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔