سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے آج سانبہ ضلع کے پُر منڈل ۔ اتر بھنی کے تاریخی علاقوں کا اَپنا پہلا دورہ کیا تاکہ ان مذہبی اورسیاحتی مقامات کی ترقی کے لئے بنائے گئے جامع منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جاسکے۔اُنہوں نے سیاحتی مقامات اور علاقے کی تیز رفتار ترقی کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں۔سیکرٹری سیاحت کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ انورادھا گپتا ، سی ا،ی او مانسر ۔سرنسر وید پرکاش ، جے ڈی ٹوراِزم جموں سنائینا شرما،ایس ڈی ایم وِجے پور وِنے کمار، ٹیکنیکل وِنگ کے اِنجینئروں کے علاوہ دیگر اَفسران اور مقامی لوگ بھی موجود تھے۔اُنہوں نے اَپنے دورے کے دوران پُر منڈل سرکٹ ضلع سانبہ کی ترقی کے تحت پُر منڈل ۔ اتربھنی مذہبی سیاحتی سرکٹ کی ترقی کے منصوبوں کا جائز ہ لیا۔سیکرٹری موصوف نے پُر منڈل میں ترقیاتی پروجیکٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا جس میں سول اور الیکٹریکل کمپونٹس جیسے کمپلیکس تک پختہ راستوں اور ٹریک کی تعمیر، ویو پوائنٹوں کی تعمیر ، فوکس لائٹ کی تنصیب اور ہائی ماسٹ لائٹس اور سولر لائٹس والے کھمبے شامل ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ پُر منڈل ۔ اتربھنی نوجوانوں اور سماج کے دیگر طبقات کی فعال شمولیت اور شرکت سے جموں میں ایک بڑا مذہبی اور یاتری سیاحتی مقام بن سکتا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا ،” پُر منڈل اور اتربھنی جموں میں تاریخی اہمیت رکھتے ہیں اور یہ دونوں مقامات جموں کے مذہبی سیاحتی سرکٹ پر سیاحوں کو راغب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ حکومت کی یہ کوشش ہوگی کہ ان علاقوں کی ترقی کو بڑھایا جائے تاکہ ان علاقوں کووسیع پیمانے پر اِستعمال کیا جاسکے۔سیکرٹری سیاحت نے سول سوسائٹی کے مختلف اَرکان اور مقامی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تمام شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور مختلف سرکاری اِداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ سیاحوں کی آمد میں اِضافہ اور ان کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ انورادھا گپتا نے حالیہ پیش کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے سیکرٹری موصوف کو جانکاری دی کہ مقامی اِنتظامیہ ، مذہبی آرگنائزیشنوں ، دھر مارتھ ٹرسٹوں، محکمہ سیاحت اور دیگر سرکردہ شہریوں پرمشتمل ایک کوآرڈی نیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو پروجیکٹوں پر عمل آوری اور مسائل کو حل کرنے کے لئے ہے تاکہ ترقیاتی کام آسانی سے ہوسکیں۔دریں اثنا سیکرٹری سیاحت نے مقامی لوگوں بشمول منتخب نمائندوں ، پُر منڈل اتربھینی کی مذہبی آرگنائزیشنوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل اور مطالبات بشمول فنڈ کی دستیابی اور دیگر مسائل کو بغور سنا ۔سیکرٹری سیاحت نے یقین دِلایا کہ ان کی طرف سے پیش کردہ تمام حقیقی مطالبات اور شکایات کو جلد اَز جلد حل کیاجائے گا۔دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کونسل کے رُکن اوتار سنگھ پُر منڈل اور اتربھنی کے مقامی سرپنچ کے علاوہ دیگر مقامی لوگ موجود تھے۔