جامع مسجدسری نگر میں شب خوانی نہ ہونے سے انتظامیہ اور پولیس کا کوئی تعلق نہیں
سری نگر:۸،مارچ/جموں وکشمیرمیں شب برات کے موقعہ پر مساجد،خانقاہوں ،زیارتگاہوں اور آستانوںمیں شب خوانی کی رُوح پرورمجالس منعقد ہوئی ،اور سب سے بڑی تقریب تاریخی آثار شریف درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی ،جہاں سری نگرکے علاوہ دیگرعلاقوںسے آئے ہزاروں فرزندان توحید اور باپردہ مسلم خواتین نے رات بھر عبادت گزاری ،قرآن خوانی اوربارگاہ الٰہی میں اپنی اوراپنوںکی بھلائی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔مرکزی جامع مسجد سری نگرمیں شب خوانی کی مجلس منعقد نہیں ہوسکی ،کیونکہ اس تاریخی مسجد کومقفل کردیاگیاتھا۔سری نگر پولیس نے اس حوالے سے واضح کیاکہ شب برات کے موقع پر جامع مسجدسری نگر میں نمازادا نہ ہونے سے انتظامیہ اور پولیس کا کوئی تعلق نہیں
مقدس رات ’شب برات ‘کے موقعہ پر وادی بھر کی مساجد ،زیارتگاہوں،آستانوں اورخانقاہوں میں روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے ،جن میں لاکھوں فرزندان توحید بشمول خواتین نے شرکت کرکے رات بھر اللہ کی بارگاہ میں عاجزی وانکساری کیساتھ ا پنے گناہوں وخطاﺅںکی معافی مانگی اور درازی عمرورزق میں برکت کی دعائیں بھی مانگیں۔اس دوران گھروںمیں خواتین اور بچوںنے بھی نماز عشاءکے بعد شب کااہتمام کیا ،اوراس دوران قرآن خوانی کی گئی ۔ شب برات کے موقع پر تاریخی جامع مسجد سری نگر میں عشاءکی نماز رات10 بجے اور درگاہ حضرت بل میں رات ساڑھے10 بجے ادا کی جانی تھی لیکن مرکزی جامع مسجد سری نگرمیں شب خوانی کی مجلس منعقد نہیں ہوسکی ،کیونکہ اس تاریخی مسجد کومقفل کردیاگیاتھا۔اس حوالے سے سری نگرپولیس نے منگل کوہی رات دیرگئے یہ واضح کیاکہ شب برات کے موقع پر آج جامع مسجدسری نگر میں نماز ادا نہ ہونے سے انتظامیہ اور پولیس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔بیان میں کہاگیاکہ نہ تو اجازت نہ دینے کا کوئی حکم دیا گیا اور نہ ہی انتظامیہ یاپولیس کی طرف سے اس پر عمل کیا گیا۔سری نگرپولیس نے لوگوں سے اپیل کی کہ برائے مہربانی افواہیں نہ پھیلائیں۔اُدھر سب سے بڑی تقریب تاریخی آثار شریف درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی ،جہاں رات کے ساڑھے10بجے نماز عشاءکی ادائیگی کے بعد سری نگرکے علاوہ دیگرعلاقوںسے آئے ہزاروں فرزندان توحید اور باپردہ مسلم خواتین نے رات بھر عبادت گزاری ،قرآن خوانی اوربارگاہ الٰہی میں اپنی اوراپنوںکی بھلائی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ آثار شریف درگاہ حضرت بل کے انتظامی ارکان نے کہا کہ رات بھر کی عبادت کےلئے عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد درگاہ حضرتبل میں موجودتھی۔ انہوںنے کہاکہ نماز عشاءرات کے ساڑھے دس اداکرنے کے بعددرگاہ حضرتبل میں خصوصی عبادات ،درودواذکار کی مجالس اور خصوصی دعاﺅںکااہتمام بھی کیاگیا۔اس دوران سری نگرسمیت وادی کے مختلف علاقوں میں واقع آستانوں ،خانقاہوں اور زیارت گاہوں بشمول کئی مساجدمیں بھی شب برات کے سلسلے میں شب خوانی کی مجالس کااہتمام کیاگیا ۔اس دوران فرزندان توحیدنے نماز عشاءباجماعت اداکرنے کے بعدپوری رات قران خوانی ،نوافل کی ادائیگی ،اور عاجزی وانکساری کے ساتھ دعاﺅںمیں گزاری ۔