رواں ماہ کی17تاریخ تک موسم عمومی طور پر خشک رہنے کاامکان ظاہر کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے بدھ کوکہاکہ آنے والے دنوںمیں پورے جموں وکشمیرمیں دن کے درجہ حرارت میں قابل قدر اضافہ ہوگا۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے بتایاکہ جموں وکشمیرمیں 12مارچ تک خشک موسم کے ساتھ بنیادی طور پر مطلع صاف سے جزوی طور پر ابر آلودرہے گا۔انہوںنے کہاکہ13مارچ کو مطلع ابرآلود ہونے کے بیچ کچھ الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش ہونے کاامکان ہے اوراس دن دوپہرکے وقت الگ تھلگ مقامات پر گرج چمک کےساتھ بارش سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا۔ڈاکٹر مختار نے تاہم کہاکہ رواں ماہ کی17تاریخ تک موسم عمومی طور پر خشک رہنے کاامکان ہے ،اوراس بناءپر آنے والے دنوںمیں پورے جموں وکشمیرمیں دن کے درجہ حرارت میں قابل قدر اضافہ ہوگا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے کہاکہ منگل اوربدھ کی درمیانی رات گلمرگ ،پہلگام اور کپوارہ میں درجہ حرارت کم ریکارڈ کیاگیا۔متعلقہ محکمے کے مطابق گزشتہ رات گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ،پہلگام میں منفی1.7 اور کپوارہ میں شبانہ درجہ حرارت0.2ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کم ریکارڈ کیاگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی رات سری نگرمیں کم سے کم درجہ حرارت 3.5،قاضی گنڈ میں 2.4،کوکرناگ میں 4.1ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔دریں اثناءبدھ کے روز جموں وکشمیرمیں دن کے وقت دھوپ رہی ،جسکے نتیجے میں دن کے وقت گرمی محسوس کی گئی ۔حالیہ دنوںمیں دن کے وقت دھوپ نکلنے سے درجہ حرارت میں بہتری آنے کے بعد اہلیان وادی نے گرم ملبوسات کوزیب تن کرنا ترک کرنا شروع کردیاہے اوراب زیادہ تر لوگ کم سے کم کپڑے پہن رہے ہیں جبکہ گرم جرابوں اور جوتوںکابھی اب کافی کم استعمال ہورہاہے۔