سری نگرپولیس نے بھتہ خوری کیلئے کھلونا پستول اورواکی ٹاکی استعمال کرنے والے ایک منظم گروہ کاپردہ فاش کرتے ہوئے6ملزمان کوگرفتار کرلیا،جن کی تحویل سے کھلوناپستول،واکی ٹاکی سیٹ برآمد اور2گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں ۔جے کے این ایس سری نگرپولیس نے ایک ٹویٹ میں لکھاکہ پولیس تھانہ زکورہ نے ڈکیتیوں میں ملوث مجرموں کے ایک گروہ کے 6 ارکان کو گرفتار کیا ۔پولیس کے مطابق اس گروہ یا گینگ کا طریقہ کار کھلونا پستول، واکی ٹاکی سیٹ اور دیگر اشیاءاستعمال کرتے ہوئے لوگوں کو دھمکیاں دینا اور ان سے پیسے بٹورنا تھا۔پولیس تھانہ زکورہ نے ملزمان سے کھلوناپستول،واکی ٹاکی سیٹ اور دیگر چیزوںکے علاوہ مجرمانہ سرگرمیوںمیں استعمال ہونے والی2گاڑیاں بھی ضبط کرلیں۔پولیس نے بتایاکہ جن لٹیروںکی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ،اُن میں مرزازبیر بیگ،مصیب احمدبابا،گوہررسول،قاسم عمر،فاروق احمدڈار اورساجد ظہورخان شامل ہیں ۔ملزمان کیخلاف پولیس تھانہ زکورہ سری نگرمیں ایف آئی آرزیر نمبر94/2022متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کیاگیا،اوراُن سے مزید پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں مزید گرفتاریوںکاامکان ظاہرکیا۔