سری نگر کے ڈلگیٹ علاقہ میں پیراورمنگل کی درمیانی رات آگ کی ایک بھیانک واردات میں نصف درجن رہائشی مکانات خاکستر ہوگئے جبکہ ان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کاگھریلو سامان بھی شعلوںکی زدمیں آکر راکھ کے ڈھیروںمیں تبدیل ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ڈلگیٹ سری نگرکی ایک بستی میں پیرکورات دیر گئے ایک رہائشی مکان میں آگ نمودار ہوئی ،جس نے آناًفاناًنزدیکی مکانات کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آتشزدگی کی واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم اورمحکمہ فائراینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں آگ پرقابو پانے کیلئے مخصوص گاڑیاں لیکر جائے موقع پر پہنچ گیا۔پولیس اور فائر سروسزاہلکاروںنے مقامی لوگوںکی مددسے کئی مکانات سے اُٹھنے والے شعلوں پر قابو پانے کی کارروائی عمل میں لائی اور کئی گھنٹوںکی سخت مشقت کے بعد آ گ پرقابو پالیاگیاتاہم تب تک کم سے کم 6رہائشی مکانات مکمل طور پر یاجزوی طور پر خاکستر ہوگئے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،تاہم آگ کی زدمیں آنے والے مکانات میں رہنے والے کئی خاندان چھت اور جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھے ،کیونکہ شعلوںکی زدمیں آکرلاکھوں روپے مالیت کاگھریلو سامان راکھ کے ڈھیروںمیں تبدیل ہوگیا۔اس دوران پولیس اور فائر سروسزمحکمہ کے ذرائع نے بتایاکہ آگ کی اس ہولناک واردات میں جن شہریوںکے مکانات مکمل یاجزوی طور پر جل گئے ،اُن میں مدثر احمد مٹہ ولد عبدالخالق، غلام قادر مٹہ ولد محمد صدیق مرحوم، غلام محمد مٹہ ولد محمد عبداللہ، ظہور احمد ڈار ولد عبدالرحیم، محمد صدیق مٹہ ولد غلام احمد اور تبسم مہناز دُختر محمد سلیم شامل ہیں ۔حکام نے بتایا کہ آتشزدگی کے واقعے میں کم از کم 6 رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ بروقت کارروائی نے آگ کو بھیڑ بھاڑ والے علاقے میں مزید پھیلنے سے روک دیا۔