جموں وکشمیر پولیس کی خصوصی تفتیشی یونٹ (ایس آئی یو) نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں دو مقامات پر چھاپے مار کارروائیاں انجام دیں۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینٹ عناصر کے خلاف کریک ڈاون کو جاری رکھتے ہوئے آج خصوصی تفتیشی یونٹ (ایس آئی یو) نے اننت ناگ ضلع کے دو مختلف مقامات پر ملی ٹینسی سے متعلق ایک کیس میں ملوث دو ملزمان کے رہائشی مکانات پر عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد چھاپے مارے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مقدمہ پولیس تھانہ بجبہاڑہ میں یو اے پی اے اور آرمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیس کے تحت لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ چھاپے شہباز ٹھوکر ولد مشتاق احمد ساکن واگہامہ بجبہاڑہ اور سبزار احمد گنائی ولد فاروق احمد گنائی ساکن مرہامہ بجبہاڑہ کے رہائشی مکانات پر مارے گئے۔ تلاشی کے دوران ایس آئی یو اننت ناگ نے متعلقہ معلومات اکھٹی کیں اور جرائم کے ارتکاب میں ان ملزمان کے کردار کی جانچ کی ، چھاپوں کے دوران مناسب ایس او پیز پر عمل کیا گیا۔ پولیس ترجمان نے مزید کہاکہ یہ چھاپے ضلع میں ملی ٹینٹوں کے نظام کو ختم کرنے کے لئے مختلف آور گراونڈ ورکرز اور ملی ٹینٹوں کے حامیوں کی نشاندہی کرکے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں بھی چھاپہ ماری کا سلسلہ جاری رہے گا۔