نئی دلی۔ 14؍ دسمبر۔ ایم این این۔ صدر جمہوریہ ہند، محترمہ دروپدی مرمو نے آج نئیدہلی میں قومی توانائی کے تحفظ کے دن کے موقع پر قومی توانائی کے تحفظ کے ایوارڈز، قومی توانائی کی کارکردگی کے اختراعی ایوارڈز اور قومی پینٹنگ مقابلے کے انعامات پیش کئے۔ اس موقع پر انہوں نے ’ای وی یاترا پورٹل‘ بھی لانچ کیا۔ ’’ای وی یاترا پورٹل‘‘ توانائی کی کارکردگی کے بیورو کے ذریعہ تیار کیا گیا ہے تاکہ قریب ترین پبلک ای وی چارجر تک گاڑی میں نیویگیشن کی سہولت فراہم کی جاسکے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ یہ ہم سب کی اولین ترجیح ہے کہ آنے والی نسلیں آلودگی سے پاک ماحول میں سانس لیں، اچھی طرح ترقی کریں اور صحت مند زندگی گزاریں۔ صاف ہوا میں سانس لینا بنیادی انسانی حق ہے۔ ماحولیات کے تحفظ سے ہم بہت سے انسانی حقوق کا تحفظ کر سکتے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے توانائی کا تحفظ عالمی اور قومی ترجیح ہے۔ اگرچہ ہندوستان کا فی کس کاربن کا اخراج اور گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج عالمی اوسط کے ایک تہائی سے بھی کم ہے، ہندوستان ایک ذمہ دار ملک کے طور پر ماحولیات کے تحفظ میں نمایاں حصہ ڈال رہا ہے۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ COP-26 میں ہندوستان نے ‘Lifestyle for Environment’ یعنی لائف اسٹائل کا پیغام دیا تھا، جس نے عالمی برادری سے ماحول دوست طرز زندگی اپنانے کی اپیل کی تھی۔ ہندوستانی ثقافت اور روایت میں، ہمارا طرز زندگی ہمیشہ لائف کے پیغام سے مطابقت رکھتا ہے۔ فطرت کا احترام، قدرتی وسائل کو ضائع نہ کرنا اور قدرتی دولت کو بڑھانے کے لیے اقدامات کرنا ایسے طرز زندگی کا لازمی حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان پوری عالمی برادری کو اس طرز زندگی کو اپنانے کی طرف لے جانے کی کوششیں کر رہا ہے۔G-20 کی ہندوستان کی صدارت کا حوالہ دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ G-20 ممالک دنیا کی کل جی ڈی پی میں 85 فیصد اور بین الاقوامی تجارت میں 75 فیصد حصہ ڈالتے ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا کی 60 فیصد آبادی بھی G-20 ممالک میں مقیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے اپنے دور صدارت میں ‘ واسودھائیو کٹمبکم’ کے آئیڈیل کے مطابق ‘ ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل’ کے تھیم کو اپنایا ہے اور ہم اسے عالمی سطح پر بھی پھیلا رہے ہیں۔صدر نے تمام ایوارڈ یافتگان بالخصوص بچوں کی تعریف کی۔