اتوار سے جاری خشک موسم اور آسمان صاف رہنے کے باعث سری نگرسمیت کشمیر کے بیشتر علاقوںمیں شبانہ پارہ پھر نقطہ انجماد سے نیچے آگیاہے ،جسکے نتیجے میں راتوںکوسردی کی شدت میں اضافہ ہواہے ،تاہم دن کونکلنے والی دھوپ کی وجہ سے درجہ حرارت میں کافی بہتری آئی ہے اور لوگ دھوپ کامزہ لینے کیلئے گھر کے باہر باغیچوں اور پارکوں میں بیٹھنا پسند کررہے ہیں ۔ گزشتہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات میدانی علاقوںمیں بارشوں اور کئی بالائی علاقوںمیں ہلکی تا درمیانی برف باری ہونے کے بعداتوار سے کشمیرمیں موسم خشک رہا۔خشک موسم اور آسمان صاف رہنے کی وجہ سے رات کے وقت درجہ حرارت میں کافی گراوٹ آگئی ہے اور اب بیشتر علاقوںمیں شبانہ پارہ نقطہ انجماد سے نیچے آگیاہے ۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایاکہ پیر اور منگل کی درمیانی رات کشمیر کے زیادہ تر میدانی اور بالائی علاقوںمیں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہا۔انہوںنے بتایاکہ گزشتہ رات سری نگرمیںکم سے کم درجہ حرارت منفی2.2ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیاجبکہ پہلگام،کوکرنوگ ،قاضی گنڈ میں شبانہ پارہ بالترتیب منفی 3.0،منفی0.3اورمنفی 2.2ڈگری سینٹی گریڈ درج کیاگیا۔ محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایاکہ پیر اور منگل کی درمیانی رات سیاحتی مقام گلمرگ کشمیرمیں سردترین مقام رہا کیونکہ وہاں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی5.5ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایاکہ کشمیروادی میں چلہ کلان کے آغاز یعنی21دسمبرتک موسم بنیادی اورمجموعی طور پر خشک رہنے کاامکان ہے ،گرچہ اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارش یابرف باری ہوسکتی ہے ۔اس دوران پیرکی طرح ہی منگل کوبھی پوری کشمیر وادی میں صبح تقریباً9بجے سے بعدددوپرتک دھوپ چھائی رہی اور دھوپ نکلنے سے سردی کی شدت میں کافی کمی محسوس کی گئی ۔دھوپ کامزہ لینے کیلئے لوگوںکوگھروںکے باغیچوں اور پبلک پارکوں میں بیٹھے دیکھاگیا۔