جنوبی ضلع شوپیاں کے واتھو علاقے میں گزشتہ شام سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین مختصر گولیوں کے تبادلے کے بعد ملی ٹینٹ رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے تصادم کی جگہ کچھ گولہ بارود ضبط کیا۔اطلاعات کے مطابق شوپیاں کے واتھو گاوں میں بدھ کی شام سیکورٹی فورسز نے جوں ہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور دیر رات تک رک رک کر گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جمعرات کی صبح پھر سے مشتبہ مقام کے نزدیک پیش قدمی شروع کی تاہم وہاں پر ملی ٹینٹوں کا کوئی اتہ پتہ نہیں چل سکا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ کے دوران ہی ملی ٹینٹ جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں میں بھی تلاشی آپریشن شروع کیا تاہم مفرور ملی ٹینٹوں کو کیفر کردارتک پہنچایا جاسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شوپیاں کے واتھو علاقے میں سیکورٹی فورسز کو چکمہ دینے والے جنگجووں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے اور ضلع بھر میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز نے اضافی ناکے لگائے جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔