ماں بیٹے سمیت ایک ہی کنبے کے تین افراد ازجاں ، دو دیگر زخمی ، علاج کیلئے اسپتال منتقل
جموں کے کٹھوعہ ضلع میں بدھ کی رات ایک ہی خاندان کے تین افراد اس وقت ہلاک ہوگئے جب کار جس میں وہ سفر کر رہے تھے سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں گر گئی جبکہ حادثے میں خاندان کے دو دیگر افراد زخمی ہو گئے۔سی این آئی کے مطابق جموں کے کھٹوعہ ضلع میں جمعرات کی اعلیٰ الصبح سڑک حادثہ رونما ہوا جس دوران ایک ہی کنبے کے تین افراد کی موت ہوئی۔پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سڑک حادثہ اس وقت پیش آیا جب سڑک سے پھسلنے کے بعد کار بنی کے قریب منگیر میں 300 فٹ سے زیادہ گہرے سیوا نالے میں جاگری ۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں ایک ہی کنبے کے تین افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو بنی انتظامیہ نے مقامی لوگوں کی مدد سے بچایا۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو کٹھوعہ کے گورنمنٹ میڈیکل کالج علاج کیلئے منتقل کیا گیا ہے۔پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک نجی کار جس میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد سوار تھے ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوئی اور گہری کھائی میںجا گری جس کے نتیجے میں تین افراد کی موقعہ پر ہی موت ہوئی جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے ۔مرنے والوں کی شناخت مونیکا گپتا (40) بیوی سنجے، سدھارتھ گپتا (11) ولد سنجے گپتا اور شیکھر گپتا (45) ولد رام لال سبھی ساکن آر ایس پورہ کے طور پر کی گئی ہے۔پربھات گپتا (18) ولد پون گپتا اور روبی گپتا (40) بیوی راجیش گپتا ساکن آر ایس پورہ کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ضروری لوازمات کی ادائیگی کیلئے تمام مہلوک افراد کی نعشیں اپنی تحویل میںلی جس کے بعد آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے انہیں لواحقین کے سپرد کیا گیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقا ت شروع کر دی گئی ہے ۔