پی ٹی آئی کا ملک بھر میں احتجاج، پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی
اسلام آباد: ۱۲/ اکتوبر (ایجنسیز) توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ نااہلی کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کے رہنماو¿ں اور کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ ذرائع کے مطابق فیض آباد کے مقام پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے احتجاج پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سری نگر ہائی وے پر ٹائر جلا کر احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے ٹریفک جام ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ قابل ذکر ہے کہ ایک غیر معمولی واقعہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عمران خان کےخلاف دائر کردہ توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا۔ دوسری طرف پی ٹی آئی نے اس فیصلے کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کا اعلان کیا ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے متفقہ فیصلہ سنایا ۔ فیصلے میں کہا گیا کہ جھوٹ بولنے پر عمران خان عوامی نمائندگی کے اہل نہیں رہے۔الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں عمران خان کےخلاف فوجداری کاروائی کرنے کی بھی سفارش کی۔ فیصلے کے تحت عمران خان کو قومی اسمبلی سے ڈی سیٹ کر دیا گیا ہے اور ان کی نشست خالی قرار دے کر الیکشن کمیشن ضمنی الیکشن کا انعقاد کرائے گا۔ عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے بعد پشاور شہر کے مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور ٹائر جلاکر ٹریفک کو بلاک کردیا۔ کارکنوں کی زیادہ تعداد پشاور موٹروے انٹرچینج پر جمع ہوئی اور ٹائر جلا کر موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا۔