کمشنرسیکرٹری دیہی ترقی محکمہ اور پنچایتی راج مندیپ کور نے آج یہاں اُمید خواتین ہاٹ بلیوارڈ میں تین روزہ فوڈ فیسٹول کا اِفتتاح کیا۔جموںوکشمیر رورل لائیولی ہڈ مشن نے ” آلو“ کے نام سے فوڈ فیسٹول کا اِنعقاد گیان فاﺅنڈیشن ، آئی یو ایس ٹی اور سکاسٹ کشمیر کے اِشتراک سے کیا ہے۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ، مشن ڈائریکٹر نیشنل رورل لائیولی ہڈ مشن جے اینڈ کے اندو کنول چِب ، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اعجاز اسد ، ایس ایس پی سری نگر راکیش بلوال ، جے کے آر ایل ایم کشمیر کے ایڈیشنل مشن ڈائریکٹر ، اِسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندے رِیاض بیگ اور دیگر متعلقہ اَفراد بھی موجود تھے۔کمشنر سیکرٹری نے تمام سٹالوں کا ایک چکر لگایا جہاں کئی روایتی کشمیر ی ضیافتوں کی نمائش کی گئی تھی ۔ تین روزہ فوڈ فیسٹول میں مقامی سبزیوں اور پودوں کی دیگر اقسام سے تیار کردہ مختلف روایتی کشمیری ضیافتوں کی نمائش کی جارہی ہے۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے مختلف سیلف ہیلپ گروپوں کی خواتین سے اِستفساری گفتگو کی جنہوں نے مہمان خصوصی کو ان روایتی کشمیری ضیافتوں کے صحت کے فوائد اور بحالی کے بارے میں آگاہ کیا۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مندیپ کور نے کہا کہ فوڈ فیسٹول سری نگر میں منعقدہ ہونے والا اَپنی نوعیت کا پہلافیسٹول ہے اور اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس سے قبل اِس قسم کے اقدامات ہینڈ لوم سیکٹر یا دیگر روایتی علاقوں میںکئے گئے تھے ۔اُنہوں نے خواتین کو بااِختیار بنانے کے لئے اِس طرح کے اقدامات کرنے پر جے کے رورل لائیو لی ہڈ مشن اور اس سے وابستہ خواتین کو مبارک باد دی۔ اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ گزشتہ دو سے تین برسوں سے جے کے آر ایل ایم نے خواتین پر مبنی متعدد اقدامات سے خواتین کو بااِختیار بنانے کے میدان میں نمایاں اور بے مثال کام کیا ہے۔