ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے نام سمن جاری، اگلی پیشی پر حاضر رہنے کی ہدایت
جموں کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن گھوٹالہ معاملے میں سرینگر کورٹ میں آج سماعت پر سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ان کے نام سمن جاری کی ۔ اس کیس کی اگلی تاریخ 27اگست مقرر کی گئی جس میں فاروق عبداللہ کو پھر حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی ۔ جموں کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے منی لانڈرنگ کیس، این سی چیف ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور دیگر کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے دائر کی گئی پرنسپل ڈسٹرکٹ جج سرینگر کی عدالت میں سماعت ہوئی۔معزز عدالت نے سابق ریاست جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور کرکٹ ایسوسی ایشن منی لانڈرنگ معاملے میں متعدد دیگر ملزمان کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے دائر شکایت کا نوٹس لیا۔عدالت نے ای ڈی کی جانب سے طاہر مجید شمسی اے ایس جی آئی کی طرف سے پیش کردہ تفصیلی دلائل سننے کے بعد اور تفصیلی شکایت کے ساتھ اس کے ریکارڈ کو دیکھنے کے بعد جو عدالت کے مشاہدے کے لیے پیش کیا گیا تھا، طاہر شمسی کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے انہیں سمن جاری کیا۔ اس معاملے کو مزید کارروائی کے لیے 27 اگست 2022 کو مقرر کیا گیا ہے۔دریں اثناءاحسان مرزا اور ان کی اہلیہ جو اس معاملے میں شریک ملزم ہیں کی نمائندگی آر اے جان سینئر ایڈووکیٹ نے کی۔تاہم یہ بات قابل ذکر ہے کہ اگلی سماعت پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور دیگر ملزمان کے پی ڈی جے سری نگر کی معزز عدالت کے جاری کردہ سمن کی تعمیل میں پیش ہونے کی امید ہے۔