دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج کے اعلان کو لیکر وادی کشمیر میں جاری افواہوں کے بیچ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے واضح کر دیا ہے کہ بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان 20جنوری تک متوقع ہے جبکہ اس کے بعد ہی دسویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں گزشتہ کئی دنوں سے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج کو لیکر افواہوں کا بازار انتہائی گرم ہوچکا ہے جس کے نتیجے میں طلبہ کے ساتھ ساتھ والدین میں بھی بے چینی کی لہر پائی جا رہی ہے ۔ ادھر تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے جموں کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے واضح کر دیا کہ بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان 20جنوری تک کیا جائے گا جس کے فورا بعد ہی دسویں جماعت کے امتحانی نتائج کو منظر عام پر لایا جائے گا ۔ بورڈ کے جوائنٹ سیکرٹری امتحانات لال حسین نے کہا کہ وہ امتحانی نتائج کو 20جنوری تک منظر عام پر لانے کیلئے تیاریاں جاری ہے اور امید ہے کہ بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج 20جنوری تک سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے یہی کوشش ہے کہ امتحانی نتائج 20جنوری تک سامنے آئیں اور اس کے بعد اس میں ایک یا دو دن بھی لگ سکتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اسی طرح سے دسویں جماعت کے امتحانی نتائج کو بھی اس کے فورا بعد ہی منظر عام پر لایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی کچھ دنوں کا وقت لگ سکتا ہے اور طلبہ کے ساتھ ساتھ والدین کو چاہئے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں ۔