گزشتہ تین روز سے بجلی نہیں دیکھی ، عام لوگوں کے ساتھ ساتھ مریضوں کو مشکلات
سب ڈویژن زینہ کوٹ کے تحت آنے والے علاقے گزشتہ تین روز سے برقی رو سے مکمل طور پر محروم ہوگئے ہیں جس کے نتیجے میں عام لوگوں خاص کر ایسے کنبوں جن کے گھروں میں مختلف امراض میں مبتلاءمریض ہیں کو شدید دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے شکایت کی ہے کہ سب ڈویژن زینہ کوٹ سرینگر کے تحت آنے والے تمام علاقے گزشتہ تین روز سے بجلی سے محروم ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ بجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں انہیں شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ طلبہ ، تاجروں، کارخانہ داروں کے علاوہ ان کنبوں کوبھی پریشانی لاحق ہورہی ہے جن کے گھروں میں مریض ہیں ۔ لوگوں نے کہا کہ علاقے میں ان علاقوں میں ایسے بھی مریض ہیں جن کو 24گھنٹے آکسیجن کی ضرورت پڑتی ہے اور آکسیجن کنسٹریٹر بجلی کے بغیر نہیں چل سکتے ہیں اور لوگ مریضوں کو سلینڈروں کے ذریعے آکسیجن فراہم کررہے ہیں جو کافی مشقت کا کام ہے کیوں کہ سلینڈر چند ہی گھنٹوں میں خالی ہوجاتے ہیں ۔ لوگوںنے کہا کہ کئی ایسے بھی مریض ہیں جن کےلئے بجلی کا ہونا ناگزیر بن جاتا ہے کئی ایسے طبی آلات بھی ہیں جو صرف بجلی پر کام کرتے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ گزشتہ تین روز سے بجلی نہ ہونے کے برابر ہے گزشتہ روز صرف پانچ منٹ تک بجلی فراہم کی گئی اور اتوار کو سرے سے ہی بجلی دن بھر غائب رہی ۔لوگوںنے کہا کہ بجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں اگر کسی بھی مریض کی جان چلی جائے گی تو اس کی ساری ذمہ داری متعلقہ بجلی ملازمین پر ہوگی جو ان علاقوں کو جان بوجھ کر بجلی سے محروم رکھ رہے ہیں۔