فاش غلطی یابڑی کوتاہی کیلئے کون ذمہ دار ؟
فزیکل ایجوکیشن مضمون کاامتحان ملتوی ،نئی تاریخ کا جلداعلان،تحقیقات شروع:BOSE
سری نگر:۰۲،مارچ/: ایک بڑی کوتاہی میں، جسمانی تعلیم یعنی Physical Educationکے مضمون کے امتحان میں شریک 12ویں جماعت کے طلبہ کو امتحانی عملے نے 11ویں جماعت کا سوالیہ پرچہ غلط طریقے سے تقسیم کر کے حیران وپریشان کر دیا۔جے کے این ایس کے مطابق امتحانی عملے کی جانب سے سوالیہ پرچہ موصول ہونے کے فوراً بعد،12ویں جماعت کے طلبہ نے جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن JKBOSEکے حکام کو آج طے شدہ جسمانی تعلیم یعنی Physical Educationکے مضمون کے 12ویں جماعت کے امتحان کو ملتوی کرنے کامطالبہ کیا۔بورڈ حکام نے اسکی تصدیق کی ۔ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے جوائنٹ سکریٹری امتحانات نے کہاکہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 12ویں جماعت کا آج کا فزیکل ایجوکیشن پیپر ملتوی کر دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ طلبہ کو اس مضمون کے دوبارہ امتحان کی طے شدہ تاریخ سے متعلق مطلع کیا جائے گا۔موصوف جوائنٹ سکریٹری امتحانات نے مزید کہا کہ تمام سپرنٹنڈنٹس سے کہا گیا ہے کہ وہ جوابی پرچوں کیساتھ ساتھ فزیکل ایجوکیشن کے مضمون کے سوالیہ پرچے بھی جمع کرنے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہاکہ تمام امتحانی سپرنٹنڈنٹس ایک علیحدہ پیکٹ بنائیں گے اور اسے سیل بند پیکٹ میں جمع کریں گے اور متعلقہ بورڈ آفس کے حوالے کریں گے۔12ویں جماعت کے طلبہ میں سوالیہ پرچے کی تقسیم میں بڑی کوتاہی نے امتحانات کے تقدس کو برقرار رکھنے پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی جانب سے پولیس اسٹیشنوں میں جو سرکاری امدادی سوالیہ پرچے جمع کئے گئے تھے، ان کو 12ویں کے پرچے کے طور پر نشان زد کیا گیا تھا۔جموں وکشمیر بھر کے امتحانی مراکز میں غلط سوالیہ پرچہ جمع کرنے اور تقسیم کرنے کے معاملے کی اطلاع ملی ہے۔ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کےجوائنٹ سکریٹری نے کہا کہ اس بات کی جانچ کی جائے گی کہ پیکٹوں میں غلط سوالیہ پرچے کیسے بھرے گئے۔ستم ظریفی یہ ہے کہ 12ویں جماعت کے نصاب سے صرف 2 نمبر لئے گئے۔ 12ویں جماعت کا بقیہ سوالیہ پرچہ 11ویں جماعت کے نصاب سے ترتیب دیا گیا تھا۔امتحانی انچارج میں سے ایک نے بتایا کہ امتحانی مرکز میں طلبہ رو رہے تھے، جبکہ ایک دو طالب علم بیہوش ہو گئے۔جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے عہدیداروں نے کہا کہ انہوں نے امتحانات ملتوی کردیئے ہیں اور اس کے مطابق نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں معلومات ملیں اور ہم نے امتحانات کو دوبارہ شیڈول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی تاریخیں جلد جاری کی جائیں گی۔