کپواڑہ،/ ڈپٹی کمشنر کپوارہ، آیوشی سودان نے جمعرات کو گورنمنٹ آیو ش ڈسپنسری کرالپورہ( کپواڑہ) میں میگا آیوش ہیلتھ بیداری میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا۔ میگا ہیلتھ کیمپ کو کرالپورہ اور اس کے اطراف کے دیہاتوں کے مریضوں کا زبردست ردعمل دیکھنے میں آیا جہاں سیکڑوں مریض آیوش ماہرین سے مشورہ کرنے کے لیے کیمپ میں جمع ہوئے۔ یہ آیوش کیمپ اپنی نوعیت کا منفرد تھا جس میں مفت رجسٹریشن، مفت این سی ڈی اسکریننگ، کونسلنگ، مہمانوں کے لیے یوگا سیشن، مفت جنرل/خصوصی مشاورت، مفت آیوش علاج اور صحت کے مسائل سے دوچار مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر ڈی سی نے کہا کہ عام لوگوں کو صحت کی خدمات سے جوڑنے اور انہیں محکمہ صحت کی سود مند سکیموں سے آگاہ کرنے کے لیے ہیلتھ کیمپوں کا انعقاد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی اسکیموں کے فائدے دور دراز علاقوں میں رہنے والے آخری مستحقین تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ صحت سے متعلق ہوشیار رہیں اور بروقت اپنے ٹیسٹ کروائیں اور علاج کروائیں۔ ڈی سی نے این سی ڈی ایس کی اسکریننگ کو یقینی بنانے اور اسے ہر گھر تک پہنچانے پر زور دیا۔ ضلع آیوش آفیسر کپواڑہ، ڈاکٹر راجہ امجد علی خان نے ڈی سی کو بتایا کہ کرالپورہ میں آیوش ڈسپنسری کی تعمیر کو نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت منظوری دی گئی ہے اور اس کام کے لیے 30لاکھ روپے کی لاگت سے ٹینڈر کیا گیا ہے اور آیوش بلڈنگ، یوگا ہال، ایک لیب اور ایک آئی ٹی روم تعمیر کیا جائے گا۔