طلب کو پورا کرنے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ،سبزی کاشت منافع بخش کاروبار/ حکام
سرینگر/ملک بھر میں رواں سیزن کے دوران ٹماٹر مارکیٹ سے ناپید ہونے اور اسکی قیمتوں کے بے تحاشا اچھال کے دوران وادی کشمیر کے زرعی سیکٹر سے اچھی خبر سامنے آئی ہے۔وادی کے مختلف اضلاع میں سبزی کی کیاریوں سے اگلے10سے15روز کے دوران ٹماٹر کی وافر مقدار میں معیاری ٹماٹر تیار ہونے والے ہیں جنہیں مقامی و بیرونی منڈیوں میں اچھا منافع ملنے کی توقع ہے ۔سرکاری ذرائع نے خبر رساں ایجنسی ٹی ای این کو بتایا کہ وادی بھر میں اگلے 10سے15روز کے اندر معیاری ٹماٹر کی بھاری مقدار تیار ہونے والی ہے ۔کسان اس بار خوش ہیں کیونکہ انہیں موجودہ مارکیٹ کے منظر نامے میں فصل کی اچھی قیمت ملنے کی امید ہے ۔بوگام چاڈورہ جسے سبزی کاشت کا مرکز مانا جاتا ہے ،کے غلام رسول نامی ایک کاشتکار نے بتایا کہ ہم پر امید ہیں کہ ٹماٹر بس اب چند روز کے اندر تیار ہوگا اور وہ جلد ہی مارکیٹ پہنچے گا ۔غلام رسول کے مطابق محکمہ زراعت کے اشتراک اور تعاون سے اعلی معیاری ٹماٹر اب کشمیر میں مخصوص آب و ہوا اور حالات میں تیار کئے جاتے ہیں اور اس کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور ماہرین زراعت کی رہنمائی بھی شامل ہوتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس بار ٹماٹر وقت پر تیار ہونے والے ہیں اور انہیں امید ہے کہ مکی سطح پر مارکیٹ کی طلب کے لحاظ سے ہماری فصلوں کو اچھی قیمت ملے گی ۔میر بحری ڈل میں سبزی کی کاشت سے منسلک جاوید احمد نامی کاشتکار کے تاثرات بھی غلام رسول سے ملتے جلتے ہیں ۔تاہم ان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس ٹماٹر کی خاصی مقدار تیار ہونے والی ہے لیکن یہ مقدار مقامی سطح پر ہی کھپت ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ بیرونی منڈیوں کی طلب کے حجم کو پورا کرنے کیلئے کشمیر میں سبزی کاشت کی طرف مزید دھیان دینے کی ضرورت ہے ۔محکمہ زراعت کشمیر بھی ٹماٹر کی فصل تیار ہونے سے مطمین نظر آرہا ہے ۔محکمہ نے کشمیر میں سبزی کاشت کی طرف کسانوں کو راغب کرنے کیلئے متعدد سکیمیں رائج کی ہیں اور سبزی کاشت کو ایک پیشہ ور کاروبار کے لحاظ سے فروغ دیا جارہا ہے ۔جوائنٹ ڈائریکٹر اگری کلچر کشمیر کے مطابق جی ایم دھوبی کے مطابق ٹماٹر کی فصل اگلے10روز میں تیار ہوگی اور یہاں کے کسان اس پوزیشن میں ہونگے کہ وہ موجودہ مارکیٹ ضروریات کو پورا کرنے کیلئے معیاری ٹماٹر یہاں سے برآمد کرسکیں ۔انہوں نے کہاکہ سبزی کاشت میں یہاں بہت مواقع ہیں اور اس جانب اب کسان سنجیدگی کے ساتھ متوجہ ہورہے ہیں۔جے ڈی اگریکلچر نے کہاکہ کشمیر میں سبزی کی کاشت ایک منافع بخش کاروبار ہے اور اب عام کسان بھی اس جانب متوجہ ہورہے ہیں ۔