سرینگر/18مارچ//اونتی پورہ میں ہفتہ کے روز ایک دلدوز سڑک حادثہ پیش آیا جس میں کم سے کم 4مسافر لقمہ اجل بن گئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا ۔ اونتی پورہ کے گوری پورا علاقے میں قومی شاہراہ پر ایک بس پلٹ گئی ہے۔ اس حادثے میں چار مسافروں کی موت ہو گئی ہے جبکہ کئی دیگر مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حادثے کی خبر ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ سبھی زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثہ میں مرنے والے سبھی مسافر بہار کے رہنے والے تھے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق مہلوکین میں سے دو افراد کا تعلق کٹیہار سے، ایک کا تعلق مغربی چمپارن سے اور ایک کا کشن گنج سے تھا۔ مہلوکین کی شناخت اسلام انصاری (مغربی چمپارن)، شیوو سنگھاری (کشن گنج)، محمد علاءالدین اور مذکورل (کٹیہار) کی شکل میں ہوئی ہے۔پولیس نے اس حاثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس حادثے میں مرنے والے افراد کی لاشوں کو آخری رسومات اداکرنے کےلئے انکے ورثاءکے حوالے کی گئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے سے متعلق رپورٹ اونتی پورہ پولیس سٹیشن میں درج کی جاچکی ہے۔