محکمہ سائنسی طریقوں پر سیاحوں کی تعداد کا ڈیٹا اکٹھا کرنے پر کام کر رہا ہے۔ محکمہ ٹورازم
سرینگر/04مارچ/وادی کشمیر میں رواں برس سیاحتی سیزن مزید بہتر ہونے کی امید کرتے ہوئے ناظم سیاحت نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ایک لاکھ سے زیادہ سیاحوں نے وادی کی سیر کی ۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق جہاں گزشتہ برس ایک کروڑ سے زیادہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے جموں کشمیر کی سیر کی جن میں بیس لاکھ کے قریب غیر ملکی سیاح بھی تھے ۔ رواں برس سیاحتی سیزن مزید بہتر ہونے کی امید کرتے ہوئے محکمہ سیاحت نے ہفتہ کے روز کہا کہ صرف فروری کے مہینے میں وادی کشمیر میں 1 لاکھ سے زائد سیاحوں نے سیرکی۔ اور وہ امید کر رہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں یہ تعداد بڑھے گی۔یہاں ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر فضل الحفیظ نے کہا کہ صرف فروری کے مہینے میں ہی وادی میں 1 لاکھ سے زیادہ سیاح آئے۔انہوں نے کہا کہ وہ کئی طریقوں پر کام کر رہے ہیں اور آنے والے سیاحتی سیزن کی تیاری کر رہے ہیں تاکہ وادی میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو۔ہم سیاحوں کی تعداد کا حساب لگانے کے سائنسی طریقوں پر کام کر رہے ہیں کیونکہ یہ بڑے ڈیٹا کا دور ہے، اس لیے ہم سائنسی طریقوں کی بنیاد پر ڈیٹا اکٹھا کرتے ہیں۔ ہم رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ ہوٹلوں سے بھی ڈیٹا اکٹھا کرتے ہیں۔ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ انہیں سیاحوں کی تعداد کے صحیح اعداد و شمار کو جمع کرنے کو یقینی بنانا ہوگا، لہذا سائنسی طریقوں پر اسے جمع کرنا ضروری ہے۔