سیلاب متاثرین کیلئے16کروڑ ڈالر کی ہنگامی امداد کی اقوام متحدہ کی اپیل
جینوا: ۰۳/ اگست (ایجنسیز) اقوام متحدہ اور پاکستانی حکومت نے ملک میں تباہ کن اور ہلاکت خیز سیلاب سے نمٹنے میں مدد کیلئے 16 کروڑ ڈالر کی فلیش اپیل کردی۔ اس تباہ کن سیلاب کے دوران ملک بھر میں گیارہ سو سے زائد افراد جاں ہوئے جبکہ بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر تباہ، تیار فصلیں برباد اور سوا 3 کروڑ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ میں منعقدہ تقریب میں نشر کیے گئے اپنے بیان میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتیرس کا کہنا تھا کہ پاکستان مصائب و مشکلات میں ڈوبا ہوا ہے، پاکستانی عوام تباہ کن مون سون کا سامنا کر رہے ہیں، مسلسل بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث آنے والی قدرتی آفت کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ اس سے بہت زیادہ شہری زخمی ہیں۔ یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے، اسکول تباہ ہوچکے، اسباب زندگی برباد ہوچکے، اہم انفرا اسٹرکچر نیست و نابود ہوگیا، لوگوں کے خواب چکنا چور اور ان کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ بطور یواین ہائی کمشنر برائے پناہ گرین میں نے پاکستان کے لوگوں کی فراخی دلی دیکھی ہے، انہوں نے اپنے محدود وسائل کے ساتھ لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی مدد کی، ایسے فیاض لوگوں کی مشکلات نے میرا دل توڑ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی مدد کے لیے پاکستانی حکومت نے نقد رقم دینے کے ساتھ دیگر امدادی کارروائیوں کے لیے فنڈز جاری کیے ہیں لیکن تباہی اتنے بڑے پیمانے پر ہے کہ مطلوبہ ضروریات سیلابی پانی کی طرح بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال پوری دنیا کی توجہ اور ترجیحات کا تقاضہ کرتی ہے، اقوام متحدہ 16 کروڑ ڈالرز کی فلیش اپیل کر رہا ہے، یہ فنڈ 52 لاکھ لوگوں کو خوراک، پانی، صفائی، ہنگامی تعلیم، تحفظ اور صحت کی مدد فراہم کرے گا۔