ایندھن کی کمی کی وجہ سے مچھر بھگانے کی مہم میں رکاوٹیں آ رہی ہیں
کولمبو، 21 اگست (یو این آئی/شِنہوا) سری لنکا میں 2022 کے پہلے آٹھ مہینوں میں ڈینگی کے تقریبا 50000 معاملے رپورٹ ہوئے ہیں۔ اتوار کو اپنی رپورٹ میں مقامی میڈیا نے نیشنل ڈینگی کنٹرول یونٹ (این ڈی سی یو) کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ آٹھ ماہ میں 49941 افراد کو ڈینگی کے علاج کیلئے اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے ۔ ان میں سے آدھے کیس مغربی صوبے سے رپورٹ ہوئے ہیں جن میں کولمبو، گمپاہا اور کالوتارا اضلاع شامل ہیں۔ کولمبو میونسپل کونسل (سی ایم سی) کے چیف میڈیکل آفیسر رووان وجیمونی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کولمبو سے 12754، گومپاہا سے 7496 اور کالوتارا سے 4731 کیس رپورٹ ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ مچھر کنٹرول پروگرام کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ سی ایم سی کے پاس ڈینگی مچھروں پر قابو پانے کیلئے کیمیکلز اور کیڑے مار ادویات خریدنے کیلئے رقم کی کمی ہے ۔ ڈینگی مچھر کے کیسز عام طور پر جون اور اگست کے درمیان اور نومبر اور جنوری کے درمیان بڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن کی کمی کی وجہ سے مچھر بھگانے کی مہم میں بھی رکاوٹیں آ رہی ہیں۔