جنگ بندی کی اُمیدیں معدوم، شہریوں کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے
کیف: ۴۲/ اپریل (ایجنسیز) اتوار کو جنگ تیسرے مہینے میں داخل ہوگئی ہے جبکہ اس لڑائی کے دوران شہریوں کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ یوکرین نے کہا ہے کہ روس نے شہریوں کے انخلا کو ناکام بنانے کی کوشش کے طور پر ایک بار پھر اوڈیسا کی بندرگاہ پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یوکرین کہنا ہے کہ وہ تباہ شدہ بندرگاہی شہر ماریوپول سے شہریوں کو نکالنے کی ایک نئی کوشش کرے گا۔ یہ شہر زیادہ تر روسی افواج کے زیر قبضہ ہے جبکہ ہفتے کے آخر میں جنگ بندی کی امیدیں معدوم ہو چکی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کیف نے کہا ہے کہ اس کے علاوہ، بحیرہ اسود کے شہر اوڈیسا میں روسی حملے میں ایک بچے سمیت کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو ئے ہیں۔ یوکرین کے صدارتی دفتر کے سربراہ اینڈری یرمارک نے ٹیلی گرام پر کہا کہ’5 یوکرینی ہلاک اور 18 زخمی ہوئے ہیں، یہ صرف وہ ہیں جنہیں ہم تلاش کر پائے ہیں، ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہو گی۔ قبل ازیں گزشتہ روز یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا نے کہا تھا کہ ’اوڈیسا پر روسی میزائل حملوں کا واحد مقصد دہشت گردی ہے۔ یوکرین کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے دفاعی نظام کے ذریعے دو روسی ٹی یو 95 میزائلوں کو روکا، یہ میزائل بحیرہ کیسپین سے داغے گئے تھے۔ نائب وزیر اعظم ایرینا ویرشچک نے ٹیلی گرام کے ذریعے کہا ہے کہ آج ہم دوبارہ خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو نکالنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سب کچھ منصوبہ بندی کے مطابق ہوتا ہے، تو ہم دوپہر کے قریب انخلاءشروع کر دیں گے۔ قبل ازیں روس کے ایک سینئر فوجی افسر نے ’خصوصی آپریشن کے دوسرے مرحلے کے بارے میں کہا تھا، ماسکو کی جانب سے یوکرین پر شروع کیے گئے حملوں کا مقصد یوکرینی زمین کے بڑے حصے پر کنٹرول حاصل کرنا ہے۔ ازوف بٹالین کو بعد ازاں یوکرین کے نیشنل گارڈ میں ایک رجمنٹ کے طور پر شامل کیا گیا تھا اور اس نے ماریوپول کے دفاع میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔ غیر ملکی خبر رسان ادارے ’رائٹرز‘ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ آزادانہ طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کر سکا کہ یہ ویڈیو کہاں اور کب شوٹ کی گئی تھی، اس ویڈیو میں بولنے والا شخص کون ہے جبکہ اس ویڈیو کے جاری ہونے کی تاریخ 21 اپریل ہے۔ بٹالین کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں فوجیوں کو ازوفٹال کمپلیکس میں پناہ لینے والے عام شہریوں کیلئے کھانا لاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ یوکرین کی ایمرجنسی سروس نے کہا ہے ہفتے کو ایک میزائل اوڈیسا میں واقع ایک 15 منزلہ عمارت پر گرا جس سے عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کو بجھانے میں لگ بھگ ڈیڑھ گھنٹہ صرف ہواہے۔