دوفلسطینی شہری اور ایک اسرائیلی فوجی ہلاک
یروشلم: ۴۱ ستمبر (ایجنسیز) مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین کے قریب جھڑپوں میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور دو فلسطینی جاں بحق ہوگئے، یہ علاقہ حالیہ دنوں میں شدید بد امنی سے متاثر ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ ایک میجر فلسطینی جنگجوو¿ں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران گلبوہ کراسنگ سے متصل آپریشنل سرگرمی کے دوران رات گئے مارا گیا۔ فلسطینی وزارت صحت نے جنین کے شمال میں واقع جلامہ نامی فلسطینی چوکی کے قریب جھڑپوں میں ‘دو نوجوانوں کی شہادت’ کی تصدیق کی۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا نے جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی شناخت 23 سالہ احمد ایمن ابراہیم عابد اور 22 سالہ عبدالرحمٰن ہانی سبحانی عابد کے نام سے کی ہے جو کہ جنین کے نواحی گاو¿ں کفر دان کے رہنے والے تھے۔ فلسطینی مسلح گروپوں حماس اور اسلامی جہاد دونوں نے اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کو سراہا لیکن دونوں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ ان کے جنگجو اس جھڑپ میں ملوث تھے۔ جینن میں گزشتہ چند ماہ سے مہلک جھڑپیں جاری ہیں جن کا سلسلہ مارچ کے وسط سے شروع ہوا تھا۔ قبل ازیں صدر محمود عباس کی تحریک فتح کے مسلح ونگ، الاقصی شہدا بریگیڈ کا رکن بتایا گیا ایک فلسطینی جنین کیمپ میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔ گزشتہ ہفتے اسرائیلی مسلح افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایویو کوہاوی نے کہا تھا کہ مختلف آپریشنز کے دوران تقریباً 1500 مطلوب افراد کو گرفتار کیا گیا اور سیکڑوں حملوں کو روکا گیا۔ اسرائیل نے 1967 سے مغربی کنارے پر قبضہ کر رکھا ہے جب اس نے اردن سے یہ علاقہ چھینا تھا۔ تقریباً پونے لاکھ یہودی آباد کار اس وقت مغربی کنارے میں ایسی بستیوں میں رہتے ہیں جنہیں زیادہ تر بین الاقوامی برادری غیر قانونی سمجھتی ہے اور ان کے ساتھ تقریباً 28 لاکھ فلسطینی بھی یہاں بستے ہیں۔