ہندوستان سے دودھ کے مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے امکانات تلاش کرنے کا موقع
نئی دہلی، 08 ستمبر (یو این آئی) بین الاقوامی ڈیری فیڈریشن کے زیر اہتمام دودھ کی صنعت پر گریٹر نوئیڈا میں سے 12 ستمبر سے منعقد ہونے والی چار روزہ عالمی ڈیری کانفرنس – 2022 میں دودھ کی پیداوار میں استعمال ہونے والی دنیا بھر کی جدید ترین ٹیکنالوجیز سے آگاہی حاصل کے ساتھ ہی ہندوستان سے دودھ سے مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانے کے امکانات تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔ماہی پروری، لائیواسٹاک اور ڈیری کے مرکزی وزیر پرشوتم روپالا نے جمعرات کے روز یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس کانفرنس میں 50 ممالک کے 300 غیر ملکی مندوبین سمیت 1500 مندوبین شرکت کریں گے ۔ کسان، ڈیری کوآپریٹیو کے نمائندے اور ڈیری انڈسٹری سے متعلق تکنیکی ماہرین بھی اس میں شرکت کریں گے ۔ غیر ملکی نمائندوں میں تقریباً 50 کسان شامل ہوں گے ۔ اس کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے ۔ کانفرنس میں متعدد مرکزی وزراءاور کچھ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت متوقع ہے ۔مسٹر پرشوتم روپالا نے کہا کہ ہندوستان دنیا میں دودھ پیدا کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے ۔ ہندوستان دنیا بھر کی دودھ کی مصنوعات میں 23 فیصد حصہ فراہم کرتا ہے ، لیکن اس کی برآمد میں ملک کا حصہ صرف ایک فیصد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں اور صنعت کے مفاد میں ملک سے دودھ کی برآمدات کو بڑھانے کی اشد ضرورت ہے اور اس کانفرنس میں اس پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔