نئی دہلی، ۰۱اگست (یو این آئی) ملک میں خام اسٹیل کی پیداوار مالی سال 2017-18 میں 103.11 ملین ٹن سے بڑھ کر مالی سال 2021-22 میں 12.02 کروڑ ٹن تک پہنچ گئی ہے ۔ وزارت نے جوائنٹ پلانٹ کمیٹی کے حوالے سے گزشتہ پانچ مالی برسوں میں خام اسٹیل کی مجموعی صلاحیت، پیداوار اور صلاحیت کے استعمال کے اعداد و شمار جاری کئے ۔ منگل کو وزارت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2021-22 میں 15.40 کروڑ ٹن کی صلاحیت میں سے 78 فیصد کا استعمال کیا گیا۔ جبکہ مالی سال 2017-18 میں 13.79 کروڑ ٹن کی صلاحیت میں سے 75 فیصد استعمال کیا گیا تھا۔مالی سال 2018-19 میں خام اسٹیل کی کل صلاحیت 14.22 کروڑ ٹن تھی جس میں سے 11.09 کروڑ ٹن اسٹیل تیار کیا گیا جو کہ کل صلاحیت کے استعمال کا 78 فیصد ہے ۔ اسی طرح مالی سال 2019-20 میں کل صلاحیت کا 77 فیصد استعمال کیا گیا جس میں صلاحیت 14.23 کروڑ ٹن اور پیداوار 10.91 کروڑ ٹن تھی۔مالی سال 2020-21 میں خام اسٹیل کی کل صلاحیت 14.39 کروڑ ٹن تھی، جس میں سے 10.35 کروڑ ٹن کی پیداوار ہوئی۔ اس دوران 72 فیصد صلاحیت کو استعمال میں لایا گیا۔