فوج کا نان کمیشنڈ آفیسر جاں بحق، ایک ملی ٹینٹ بھی مارا گیا :دفاعی ترجمان
سرینگر/سرحدی ضلع کپواڑہ کے جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں فوج کا ایک آفیسر بھی زخمی ہوا جو بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا ۔ یو پی آئی کے مطابق سرحدی ضلع کپواڑہ کے جنگلی علاقے میں بدھ کی صبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج نے بدھ کی صبح کپواڑہ کے جنگلی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس دورا ن وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ انہوں نے کہاکہ ابتدائی فائرنگ میں فوج کا نان کمیشنڈ آفیسر زخمی ہوا ۔ ان کے مطابق زخمی فوجی آفیسر کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال لے جایا گیا جہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ تصادم کے دوران ایک عدم شناخت ملی ٹینٹ بھی مارا گیا جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق علاقے میں ابھی بھی آپریشن جاری ہے کیونکہ فوج کو شبہ ہے کہ جنگل میں مزید دہشت گرد چھپے ہو سکتے ہیں جس کے پیش نظر اضافی کمک کو بھی روانہ کیا گیا ہے۔













